حماس کی سرنگیں تباہ کرنے تک لڑائی بند نہیں ہوگی - نتن یاہو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-01

حماس کی سرنگیں تباہ کرنے تک لڑائی بند نہیں ہوگی - نتن یاہو

غزہ؍ یروشلم
پی ٹی آئی
اسرائیل نے آج غزہ میں حملے روکنے کے لئے عالمی اپیلوں کو نظر انداز کردیا ہے اور کہا ہیکہ وہ اس وقت تک جنگ بندی نہیں کرے گا جب تک حماس کی سرنگوں کو تباہ نہیں کیاجاتا ۔ جب کہ24دن سے جاری لڑائی میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد تقریباً1400ہوگئی ہے ۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل اس وقت تک دم نہیں لے گا جب تک کہ حماس کی تمام سرنگیں تباہ نہیں کردی جاتیں ۔ کابینہ کے اجلاس سے قبل انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کے معاہدے کے ساتھ یا اس کے بغیر تمام سرنگیں تباہ کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔ اس سے قبل غزہ میں جاری جنگ کے دوران اسرائیل نے16ہزار سے زائد اضافی فوجیوں کو طلب کرنے کا اعلان کیا تھا ، جس سے کل طلب کردہ فوجیوں کی تعداد86ہزار ہوگئی ہے ۔ عہدیداروں نے اسرائیلی میڈیا کو بتایا کہ اس سے فوج پر بوجھ کم ہوجائے گا۔ اسرائیل نے یہ قدم اس وقت اٹھایا ہے جب اس نے غزہ پر اقوام متحدہ کی نگرانی میں چلنے والے اس اسکول پر حملے کی تحقیقات کا وعدہ کیا ہے ، جس میں فلسطینی بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی تھی ۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ اگر اس حملے میں اس کی فوج ملوث ہوئی تو وہ اس پر معذرت کرے گا۔
اسرائیل کے ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ہماری پالیسی ہے کہ ہم شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے ۔ امریکہ اور اقوام متحدہ دونوں نے اس حملے کی مذمت کی تھی جس میں کم از کم16افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسکول کے قریب سے مارٹر گولے داغے گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون نے کہا ہے کہ یہ حملہ انتہائی ظالمانہ تھا ۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ نے بتایا تھا کہ اسرائیل کو اس اسکول کے بارے میں بار بار خبر دا ر کیاگیا تھا ۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کرس گنیس نے کہا ہے کہ یہ حملہ پوری دنیا کی تذلیل ہے ۔ غزہ میں حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں کم از کم100فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ فلسطینی عہدیداروں نے کہا ہے کہ غزہ شہر میں ایک بازار پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں17افراد شہید اور160زخمی ہوگئے ۔ غزہ کے طبی عملے کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس وقت یہ فضائی حملہ کیا جب غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجائیہ کی ایک سبزی اور فروٹ مارکیٹ میں سینکڑوں فلسطینی شہری خریدوفروخت میں مصروف تھے ۔
اس کے علاوہ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لاطینی امریکہ کے ملک بولیویا نے اسرائیل کے ساتھ دونوں ممالک کے شہریوں کے لئے ویزی کے بغیر سفر کی سہولت معطل کردی ہے اور بولیویا کے صدر نے اسرائیل کو دہشت گرد ملک قرار دیا ہے ۔ یاد رہے کہ لاطینی امریکہ5ممالک نے غزہ پر حملوں کے خلاف اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس طلب کرلیا ہے ۔ فروٹ مارکیٹ پر حملہ اسرائیل کی طرف سے4گھنٹے کی جنگ بندی کے دوران کیا گیا۔ حماس نے اسرائیل کی طرف سے اس جنگ بندی کے اعلان کو مسترد کردیا تھا ۔ اسرائیل نے اس جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا اطلاع صرف ان علاقوں میں ہوگا جہاں اسرائیل فوجی کارروائیاں نہیں کررہے ۔ اسرائیل نے ان علاقوں میں بسنے والے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اپنے گھر وں کو واپس نہ آئیں۔ حماس کے ترجمان سمیع ابو زہری نے اس جنگ بندی کو بے معنیٰ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ وقفہ صرف ذرائع ابلاغ کے لئے ایک تماشا ہے اور متاثرہ علاقوں میں اس کا اطلاق نہیں کیاجارہا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے زخمیوں کو ان علاقوں سے نکالنے سے قاصر ہیں ۔ دریں اثناء ڈاکٹروں کے مطابق خان یونس کے علاقے میں ایک حملے 7فلسطینی شہری جان بحق ہوگئے ہیں۔24گھنٹے میں اسرائیل فوج کی طرف سے دوسری مرتبہ رہائشی عمارتوں یا عوامی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ جس میں15یا اس سے زیادہ شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔

Israel 'to destroy' Hamas Gaza tunnels - Netanyahu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں