اراضی پر قبضہ میں سینئر کشمیری قائدین کے ملوث ہونے کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-30

اراضی پر قبضہ میں سینئر کشمیری قائدین کے ملوث ہونے کا الزام

سری نگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر مبارک گل نے آج کرائم برانچ سے کہا کہ وہ اپوزیشن پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی بشمول ڈپٹی اسپیکر سرتاج مدنی کے خلاف اراضی پر قبضہ کے الزامات کی تحقیقات کرے۔ وزیر اعلیٰ تعلیم محمد اکبر لون کی جانب سے اس ضمن میں ایک تجویز پیش کیے جانے کے بعد مبارک گل نے کہا کہ میں کرائم برانچ کو اس معاملہ کی تحقیقات کی ہدایت دیتا ہوں۔ قبل ازیں اسپیکر نے کہا تھا کہ وہ مقررہ مدت میں اس معاملہ کی تحقیقات کے لئے ایوان کی ایک کمیٹی تشکیل دیں گے۔ بہر حال سابق اسپیکر لون نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ایوان کی کمیٹی تشکیل دینا مناسب نہیں ہوگا کیونکہ قانون ساز کونسل کو بھی اس معاملہ سے واقف کرایا گیا ہے ۔ حکمراں نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی بشیر احمد ویری نے کل قانون سازکونسل میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ پی ڈی پی کے ایک لیڈر نے ضلع اننت ناگ کے مرحمہ علاقہ میں200ہیکٹر سرکاری اراضی پر قبضہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈپٹی اسپیکر سرتاج مدنی اور پی ڈی پی کے سرپرست مفتی محمد سعید کے نام بھی اس کیس میں سامنے آئے ہیں ۔ قانون ساز کونسل نے پہلے ہی چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ مذکورہ اراضی کے دستاویزات اور اپنی رپورٹ پیش کرے۔ آئی اے این ایس کے بموجب اپوزیشن پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر لیڈر سرتاج مدنی کے اراضی پر قبضہ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مسئلہ پرآج جموں وکشمیر اسمبلی میں زبردست ہنگامہ ہوا جس کے نتیجہ میں اسپیکر کو اسمبلی کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی ۔ حکمراں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے درمیان الزامات کے تبادلہ کے دوران اسپیکر مبارک گل نے اسمبلی کی کارروائی ملتوی کردی ۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی مدنی نے بیان دیا کہ اگر وہ اس معاملہ میں ملوث پائے جائیں تو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں گے ۔ جب پینتھرس پارٹی اور آزاد رکن انجینئر رشید اسپیکر کے پوڈیم کی طرف بڑھنے لگے تو مبارک گل نے ایوان کی کارورائی ملتوی کردی۔

Ruckus in J&K assembly over land grab allegations against PDP leaders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں