دہشت گردی یوروپ و امریکہ کو بھی لپیٹ میں لے سکتی ہے - سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-31

دہشت گردی یوروپ و امریکہ کو بھی لپیٹ میں لے سکتی ہے - سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ اگر مشرقی وسطی میں دہشت گردی کے عناصر سے جلد از جلد نہ نمٹا گیا تو دہشت گردی یورپ اور امریکہ کو بھی جلد ہی اپنی لپیٹ میں لے لے گی ۔ یہ اطلاع سعودی عرب کی سرکاری نیوزایجنسی نے دی ہے ۔ سعودی شاہ نے یہ انتباہ ساحلی شہر جدہ میں بیرونی ممالک کے سفراء کودئیے گئے ایک استقبالیہ کے دوران دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ’’میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ میرا یہ پیغام اپنے لیڈروں کو لفظ بہ لفظ پہنچادیں کہ دہشت گردی اس وقت شیطانی قوت بن چکی ہے جس کا مقابلہ عقلمندی اور جلد سے کیاجانا لازمی ہے ۔ اگر اس میں کوتاہی برتی گئی تو مجھے یقین ہے کہ ایک ماہ کے بعد یہ خطرہ یوروپ تک پہنچ جائے گا اور دوسرے مہینے میں یہ امریکہ کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ ‘‘واضح رہے کہ دنیا میں تیل کی برآمدات کرنے والا سب سے بڑا ملک سعودی عرب کی800کلو میٹر سرحد عراق سے ملتی ہے جہاں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں اور دوسرے انتہا پسند سنی گروپوں نے متعدد شہروں اور علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب طویل عرصے سے جہادیوں کے طرف سے نشانہ ب نائے جانے کے خطرے کا اظہار کرتا رہا ہے جن میں خود سعودی عرب کے شہری بھی شامل ہیں، جنہوں نے عراق اور شام کی پر تشدد کارروائیوں میں حصہ لیا ہے ۔ اس سال کے آغاز میں سعودی عرب نے اپنے ان شہریوں کے لئے طویل مدتی جیل کی سزا کے احکامات بھی جاری کئے ہیں جو جہاد کی غرض سے بیرون ملک کا سفر کرتے ہیں ۔ دریں اثناء برطانیہ نے کل دہشت گردی کے سلسلے میں الرٹ جاری کیا ہے اور وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ داعش ملک کی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے ۔

Saudi king warns of terrorist threat to Europe, US

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں