نواز شریف کے استعفیٰ کے لئے 24 گھنٹوں کی تازہ مہلت - طاہر القادری کا اقدام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-31

نواز شریف کے استعفیٰ کے لئے 24 گھنٹوں کی تازہ مہلت - طاہر القادری کا اقدام

لاہور/اسلام آباد
پی ٹی آئی
عالم دین طاہر القادری نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف پر دباؤ بڑھاتے ہوئے انہیں استعفیٰ کے لئے24گھنٹے کی تازہ مہلت دی ہے۔ قومی اسمبلی کے اطراف احتجاج آج17ویں دن میں داخل ہوگیا۔ اس دوران پاکستانی فوج بھی ثالثی کی کوشش کررہی ہے ۔ کل رات دیر گئے عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کے ایک وفد نے جس کی قیادت نائب صدر نشین پارٹی شاہ محمود قریشی کررہے تھے، طاہر القادری کے کیمپ پہنچ کر ان سے ملاقات کی ۔ قریشی نے صدر پی اے ٹی طاہر القادری کو قائل کرایا کہ وہ اپنے آئندہ اقدام میں تاخیر کریں ۔ اس ملاقات کے بعد طاہر القادری نے نواز شریف کو مستعفیٰ ہونے کے لئے24گھنٹوں کی مہلت مقرر کی ۔ گزشتہ14اگست کو احتجاج شروع ہونے کے بعد سے پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے درمیان یہ پہلا راست رابطہ تھا ۔ دوسری جانب نواز شریف نے کہا ہے کہ’’ یہ (احتجاج ) ایک چھوٹا طوفان ہے ، جو بہت جلد ختم ہوجائے گا ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ جمہوریت کے خلاف ’’سازش‘‘ کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ شریف نے بتایا کہ’’ اب ہر شخص نے دیکھ لیا ہے کہ احتجاجی دھرنوں میں کئی لوگ شریک ہیں ، حکومت ، ان احتجاجیوں کو پارلیمنٹ کو یرغمال بنانے نہیں دے گی ۔ چند ہزار افراد، کروڑوں عوام کے فیصلہ کی نفی نہیں کرسکتے ۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ قومی اسمبلی کے باہر گزشتہ14اگست سے جاری احتجاج کے بعد سے طاہر القادری نے کئی مہلتیں مقرر کی ہیں۔ ان سے ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاجیوں سے درخواست کی کہ وہ مزید کارروائی کو ملتوی کریں ۔
احتجاجیوں نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ اس مرحلہ پر طاہر القادری اپنے کنٹینر سے باہر آئے اور اپنے حامیوں سے خواہش کی کہ وہ پی ٹی آئی کی تجویز کی منظوری دیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی اے ٹی اور پی ٹی آئی کے نقاط نظر ، کئی مسائل پر مشترک ہیں اور یہ دونوں ہی تنظیمیں ایک جدو جہد میں شریک ہیں ۔ علامہ طاہر القادری نے اپنے حامیوں کو خبردار کیا کہ حکومت دونوں تنظیموں کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی نیت رکھتی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ حکومت اور احتجاجیوں کے درمیان کل ہوئی بات چیت ناکام ہوگئی تھی ۔ گزشتہ پنجشنبہ کی رات طاہر القادری اور عمران خان نے سربراہ افواج جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی تھی ۔ اس کے بعد سے فوج ، پس پردہ ثالثی میں مصروف ہے ۔ نواز شریف کی زیر قیادت حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات سے متعلق تمام مطالبات قبول کرلے گی لیکن وزیر اعظم کے استعفیٰ کے مطالبہ کو مسترد کردیا۔

Cleric Qadri issues 24-hour deadline for PM Nawaz Sharif to resign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں