پی ٹی آئی
حکومت پاکستان نے آج دارالحکومت اسلام آباد کی سکوریٹی ایک متنازعہ فیصلہ کے تحت3ماہ کے لئے فوج کے حوالہ کردی ۔ فیصلہ حال ہی میں کیا گیا تھا ۔ یہ قدم ایک ایسے وقت اٹھایا گیا ہے جب آئندہ14اگست کوعمران خان کی تحریک انصاف پارٹی کی مخالف حکومت ریالی منعقد ہونے والی ہے ۔ وزیر داخلہ نثار علی خان نے گزشتہ ہفتہ اعلان کیا تھا کہ دستور پاکستان کی دفعہ245کے تحت فوج ، یکم اگست سے ختم اکتوبر تک اسلام آباد میں رہے گی ۔ مذکورہ دفعہ ، مسلح فورسس کے فرائض و ذمہ داریوں سے متعلق ہے ۔ اس دفعہ میں کہا گیا ہے کہ’’مسلح فورسس‘وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت خارجی جارحیت یا جنگ کی دھمکی کے خلاف پاکستان کی مدافعت کریں گی اور قانون کے تحت جب بھی ضروری ہو سیول اقتدار کی مدد کریں گی ‘‘۔ سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ فوج کی5کمپنیاں اہم سرکاری تنصیبات اور دیگر حساس مقامات بشمول مرگلا ہلز نیشنل پارک کی حفاظت کے لئے متعین رہیں گی ۔ حکومت کے اس فیصلہ نے حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کے خلاف لا کھڑا کردیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کو نواز شریف کی زیر قیادت سیویلین حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے ۔ اندیشہ ظاہر کیاجارہا ہے کہ حکومت فوج کی مذکورہ تعیناتی کی مدت میں توسیع کرے گی اور دیگر شہروں کی سیکوریٹی بھی مسلح فورسس کے حوالے کرے گی ۔ اہم اپوزیشن پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) نے مذکورہ مسئلہ کو پیر4اگست کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے فیصلہ کی رو سے اسلام آباد میں نظم و ضبط کی صورتحال پر فوج کا کنٹرول ہوجائے گا۔
عام طورپریہ خیال کیاجارہا ہے کہ عمران خان کی ریالی کو ناکام بنانے کے لئے دستور کی دفعہ245کو لاگو کیا گیا ہے۔ عمران خان نے دھمکی دی تھی کہ ان کے احتجاجی مارچ سے نواز شریف حکومت کے مقدر پر مہر لگ جائے گی ۔ عمران خان، گزشتہ سال منعقدہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلا ف احتجاج کررہے ہیں ۔ گزشتہ مہینوں میں کئی چھوٹی ریالیاں منعقد ہوئیں تاکہ حکومت کو کم از کم4منتخبہ قومی اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے مجبور کیا جائے2013میں منعقدہ عام انتخابات میں عمران خان کی پارٹی کو ان نشستوں پرشکست ہوئی تھی ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ پاکستانی فوج ایک طاقتور ادارہ ہے اور1947میں پاکستان کی تخلیق کے بعد سے اس کی تاریخ کی نصف سے زیادہ مدت میں فوج حکمراں رہی ہے ۔
Pakistan hands over Islamabad security to army
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں