پاکستان مشکل حالات سے ابھرا ہے - موجودہ بحران بھی ٹل جائے گا - نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-28

پاکستان مشکل حالات سے ابھرا ہے - موجودہ بحران بھی ٹل جائے گا - نواز شریف

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان کے وزیر اعظم کی حیثیت سے مستعفی ہوجانے کے لئے مظاہرین کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے درمیان نواز شریف نے آج یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا کہ ملک مشکل حالات سے ابھرا ہے اورموجودہ سیاسی بحران بھی گزر جائے گا۔ انہوں نے دو ہفتہ قبل بحران شروع ہونے کے بعد سے پہلے اپنی تقریر میں کہا’’ہم مشکلات سے ابھرے ہیں،2008ء کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے لیکن ہم نے مہم چلائی اور حصہ لیا ۔ ہم نے دھاندلیوں کے بارے میں کوئی شوروغل نہیں کیا۔ اگر کرتے تو یہ ایک جائز بات ہوتی۔‘‘ انہوں نے قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت ایک آمرکا حکومت پر کنٹرول تھا اس نے انتخابات کروائے تھے لیکن ہم نے کہا کہ اگر پی پی پی کو ہم سے زائد نشستیں حاصل ہوتیں تو ہم پی پی کے حق کو قبول کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ 20کروڑ عوام کی نمائندہ ہے ، لہذا آئین کی پاسداری اور جمہوریت کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں اور وزیر اعظم آتے چور چلے جاتے ہیں تاہم جمہوری نظام پر ایمان رکھنا جمہوریت کی فتح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود10میں سے9جماعتوں نے ان کی حکومت کے حق میں پیش کی گئی قرار داد کی حمایت کی ۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ میں آپ کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا ۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ ان تمام طبقات کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان کی حمایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اس نظام میں خلل ڈالنا چاہے گا تو اس کا محاسبہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری ترقیاتی کام جاری رہیں گے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ پاکستان کے وزیرا عظم نے یہ خطاب ایسے وقت میں کیا جب پاکستان تحریک انصاف پارٹی(پی ٹی آئی) کے صدر نشین عمران خان نے یہ عندیہ دے رکھا ہے کہ آج ہونے والے مذاکرات آخری ہوں گے جس کے بعد ان کی جماعت آئندہ کے لائحۃ عمل کا عالان کرے گی۔ پی ٹی آئی کے مطالبات میں پہلا مطالبہ وزیر اعظم کا استعفیٰ ہے جس کے باعث مذاکرات میں تعطل برقرار ہے ۔ حکومت کی مذاکراتی ٹیم اب سے کچھ دیر بعد پاکستان تحریک انصاف کے مذاکراتی وفد سے ملنے والی ہے ۔ نواز شریف نے کہا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی بحران سے ملک میں معاشی صورتحال ابتر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان احتجاجی مظاہروں سے ملکی معیشت کو بھی قابل ذکر نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ گزشتہ برس انتخابات کے بعد عمران خان سے ملنے اسپتال گئے تھے تو انہوں نے خود مجھے(نواز شریف) کو مبارکباد دی تھی ۔

Pakistan current crisis will be averted Nawaz Sharif

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں