ممتا کی پالیسیوں کے سبب مغربی بنگال میں فرقہ پرستی کا فروغ - کمیونسٹ قائدین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-31

ممتا کی پالیسیوں کے سبب مغربی بنگال میں فرقہ پرستی کا فروغ - کمیونسٹ قائدین

کولکتہ
پی ٹی آئی
بائیں بازو جماعتوں بشمول سی پی آئی ایم نے جو سب سے بڑی شراکت دار ہے ، آج ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد کے امکانات کو مسترد کردیا ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ایک دن قبل کہا تھا کہ سیاست میں کوئی اچھوت نہیں ہے جس میں کمیونسٹ بھی شامل ہیں ۔ سی پی آئی لیڈرگرو داس گپتا نے یہاں پی ٹی آئی کو بتایا کہ ترنمول کانگریس یا ممتا بنرجی سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ ان کی پالیسیوں اور سیاست کی وجہ سے مغربی بنگال میں بی جے پی کو کامیابی ملی ہے ۔ اگر ہمیں فرقہ پرست بی جے پی سے لڑنا ہے تو ہم خود اپنے بل بوتے پر لڑیں گے ۔ ترنمول کانگریس سربراہ نے کل ایک انٹرویو کے دوران یہ پوچھے جانے پر کہ آیا وہ بائیں بازو جماعتوں سے اتحاد کے لیے تیار ہیں کہا تھا کہ بات چیت کی جاسکتی ہے ۔ سی پی آئی ایم پولیٹ بیورو کے رکن ایس کانتا مشرا نے جو قائد اپوزیشن ہیں، کہا کہ ریاست میں بی جے پی کو لانے والی وہ پہلی خاتون ہیں ۔ انہوں نے 1998میں بی جے پی سے ہاتھ ملایا تھا ۔ بائیں بازو کے دیگر شراکت داروں جیسے فارورڈ بلاک اور آر ایس پی نے بھی ترنمول کے ساتھ ہاتھ ملانے کی تجویز مسترد کردی ۔ آر ایس پی کے ریاستی سکریٹری شیتی گو سوامی نے کہا کہ کوئی قدم اٹھانے سے پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ کون ایسے بیانات دے رہا ہے۔ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کے دہشت گردی کے حربوں نے بائیں بازو کے ہزارون کارکنوں کو بے گھر کردیا ہے ۔ ان کی خوشامدانہ پالیسیوں کی وجہ سے ریاست میں فرقہ پرست طاقتیں پروان چڑھ رہی ہیں۔ فاورڈ بلاک کے جنرل سکریٹری دیبا برتا بسواس نے کہا کہ بے بنیاد بیانات پر رد عمل ظاہر کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ۔ ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد ناممکن ہے ۔ واضح رہے کہ ممتا بنرجی نے بہار میں جنتادل یو ، آر جے ڈی اتحاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مغربی بنگال میں ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو اس پر غور کیاجاسکتا ہے کیونکہ کوئی بھی اچھوت نہیں ہے انہوں نے ایس یو سی آئی کے ساتھ پارٹی کے اتحاد کے بارے میں بھی بات کی تھی اور کہا تھا کہ اور اگر کوئی آگے آتا ہے تو بات چیت کی جاسکتی ہے کیونکہ جمہوریت میں کسی راستہ کو بند نہیں کیاجانا چاہئے ۔

Left rules out grand alliance with Trinamool

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں