کے سی آر تلنگانہ کی سنگا پور کے خطوط پر ترقی کے خواہاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-23

کے سی آر تلنگانہ کی سنگا پور کے خطوط پر ترقی کے خواہاں

سنگاپور249 حیدرآباد
پی ٹی آئی؍آئی اے این ایس
سنگار پور کا دورہ کرنے والے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ وہ ہندوستان کی نئی نویلی ریاست کو سنگا پور ماڈل کے خطوط پر ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں صفر کرپشن، ڈسپلن اور ٹائم مینجمنٹ سے انتہائی متاثر ہوا ہوں۔ سنگاپور میں بہترین ماحول دیکھنے کے بعد میرے ذہن میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ کو بھی ان ہی خطوط پر ترقی دی جاسکتی ہے ۔ کے چندرشیکھر راؤ نے یہاں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت سرمایہ کاروں کو ایسی سہولتیں اور مراعات فراہم کرے گی جو ملک کی کسی بھی ریاست میں دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی شعبہ کی صنعتیں، ٹیکس مراعات سے استفادہ حاصل کرسکتی ہیں۔ ٹیکس شرحوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ میں شرحوں کے بارے میں تو کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن اتنا یقین دلا سکتا ہوں کہ یہ ملک کی کسی بھی ریاست کے مقابلہ میں کم ترین ہوں گے۔ واضح ہو کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے ملک کی مختلف ریاستی حکومتیں انہیں مختلف سہولتوں اور مراعات سے نوازتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پڑوسی ریاستوں کی جانب سے دی جارہی سہولتوں اور مراعات پر مشتمل ایک پیکیج پیش کرے گی جو دیگر ریاستوں سے کہیں بہترہوگا ۔ انہوں نے ریاست میں برقی قلت پر پائی جارہی تشویش کا ازالہ کرتے ہوئے تیقن دیا کہ ان کی حکومت ڈھائی تا تین برسوں کے اندر صنعتوں کو درکار برقی کی24گھنٹے سربراہی میں کامیاب ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ڈھائی تا تین برسوں میں اتنی برقی پیدا کرسکیں گے کہ وہ نہ صرف تلنگانہ کے لئے کافی ہوجائے گی بلکہ اسے پڑوسی ریاستوں کو بھی فروخت کیاجاسکے گا۔ کے چند ر شیکھر راؤ نے مزید کہا کہ وہ اس حقیقت سے اچھی طرح باخبر ہیں کہ معاشی ترقی کے لئے صنعتیانے کاعمل ناگزیر ہے ۔ اسی لئے وہ تلنگانہ اور اپنی حکومت کے عالم وجود میں آنے کے بعد بڑے پیمانے پر ترقیاتی سرگرمیوں پر زور دے رہے ہیں۔
آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سنگار پور میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کر کے وہاں کے سیکوریٹی اور نگرانی نٖظاموں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے آج سنگاپور کے پولیس کمشنر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کر کے سیکورٹی اور سرویلنس کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کے چندر شیکھر راؤ اورا ن کے ساتھیوں نے ٹریفک کنٹرولنگ اور جرائم کی روک تھام کے لئے سنگاپور میں اختیار کردہ طریقوں کا مشاہدہ کیا۔ اس کے علاوہ نگرانی کے مختلف طریقے بھی دیکھے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کے چندر شیکھر راؤ کے ہمراہ وزیر فینانس ای راجندر اور چیف منسٹر کے پرنسپال سکریٹری نرسنگ راؤ بھی موجود ہیں ۔ سنگاپور کے پولیس سربراہ سے ملاقات، حیدرآباد میں پولسنگ کو عالمی معیار ی سطح پر فروغ دینے حکومت تلنگانہ کے منصوبوں کا حصہ ہے ۔ کے سی آر نے حال ہی میں کہا تھا کہ شہر میں3ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے تاکہ شہر کے گوشے گوشے کی نگرانی کی جاسکے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد کے چندر شیکھر راؤ کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے ۔ انہوں نے گزشتہ دو دن کے دوران سنگاپور کی چند کمپنیوں کا دورہ کیا اور صنعتکاروں سے ملاقات کی ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے این آر آئیز سے بھی مل کر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ وہ سنگاپور میں وہاں کی صنعتی پالیسی کا بھی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ تلنگانہ کی نئی صنعتی پالیسی مرتب کرنے میں سہولت ہوسکے ۔ وہ بعد ازاں سنگا پور تا کوالالمپور ذریعہ سڑک روانہ ہوں گے تاکہ راستہ میں تیز رفتار انفراسٹر کچر ترقی کی جھلکیاں دیکھ سکیں ۔ وہ ملیشیا میں اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور حیدرآباد کو سلم سے پاک شہر میں تبدیل کرنے کے لئے تجاویز بھی حاصل کریں گے ۔

KCR wants to Telangana like Singapore

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں