جامع گھریلو سروے مکمل کامیاب ۔ کے سی آر کا دعویٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-20

جامع گھریلو سروے مکمل کامیاب ۔ کے سی آر کا دعویٰ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست بھر میں آج منعقد کئے گئے جامع گھریلو سروے میں عوام کی شرکت اور اپنی تفصیلات سے ارکان عملہ کو واقف کرانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ بھر میں جامع گھریلو سروے کا میاب رہا کیونکہ عوام نے آزادانہ ور ضا کارانہ طور پرا س میں حصہ لے کر حکومت کو ایک مکمل سماجی ڈیٹا تیار کرنے میں تعاون کیا ہے ۔ انہوں نے سروے کو کامیاب بنانے پر تلنگانہ عوام، سرکاری و خانگی ملازمین اور طلباء کے علاوہ عام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن تاریخی حیثیت کا حامل ہے کیونکہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام نے اپنی نوعیت کے ایک منفرد سروے میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے حکومت کو بھلائی کے کامون کے آغاز میں تعاون فراہم کیا ہے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے آج شام ایک پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آخری اطلاع ملنے تک ریاست بھر میں95فیصد سروے مکمل کرلیا گیا جب کہ شہر حیدرآباد میں88فیصد سروے مکمل کیاجاچکا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رات8بجے تک100فیصد سروے مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور دیہی علاقوں میں آج کے دن سروے کا کام مکمل نہیں ہوتا ہے تو عوام کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ایسی صورت میں کل چیف سکریٹری کے ساتھ وہ ایک اجلاس منعقد کرکے تفصیلات حاصل کریں گے اور جن علاقوں میں سروے کا کام مکمل نہیں ہوا وہاں اس کی تکمیل کے لئے ایک نئی تاریخ کا اعلان کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے پاس پہلے سے 15.82لاکھ خاندانوں کا ڈیٹا موجود تھا ۔ آج کے سروے کے بعد اس میں5لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اس طرح گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں مقیم خاندانوں کی تعداد20لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے جامع گھریلو سروے میں حصہ لے کر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی بولتی بند کردی ہے۔ عوام نے حکومت کے فیصلہ سے اتفاق کرتے ہوئے اپوزیشن کو سبق سکھادیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون15دن حکومت کو سروے رپورٹ حاصل ہوجائے گی اور حکومت تلنگانہ ،عوامی فلاحی اسکیموں کا اعلان کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ میری حکومت نے غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کے لئے25ہزار روپے کے بجائے51ہزار روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ رقم لڑکی کے بینک کھاتہ میں جمع کردی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کی دیگر ریاستیں بھی جامع گھریلو سروے کریں گی کیونکہ ہم نے یہ سروے نیک مقاصد کے تحت کیا ہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب تلنگانہ میں جامع گھریلو سروے کے تحت چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ ، چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور دونوں ریاستوں کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے نام بھی شامل کرلئے گئے۔ عہدیداروں نے کے چندر شیکھر راؤ کی سرکاری قیامگاہ واقع بیگم پیٹ پہنچ کر کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کی تفصیلات حاصل کیں ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے چیف منسٹر ، ان کے فرزند اور کابینی وزیر کے تارک راما راؤ اور دیگر ارکان خاندان کے نام اور دیگر تفصیلات حاصل کیں اور رجسٹر میں ان کا اندراج عمل میں لایا۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سومیش کمار شخصی طور پر راج بھون پہنچے اور گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کر کے تفصیلات حاصل کیں ۔ گورنر نے متعلقہ فارم کی خانہ پری کی اور سومیش کمار کو اپنی تفصیلات حوالہ کیں ۔ چند عہدیدار چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز پہنچے ۔ اس موقع پر چندرا بابو نائیڈو اور ان کے ارکان خاندان موجود نہیں تھے جس پر شمار کنندوں نے ان کے سکریٹری سے تفصیلات حاصل کرلیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے وزراء، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی، اعلیٰ عہدیداروں ، فلمی شخصیتوں اور اے پی کی دیگر اہم شخصیتوں کے مکانات پہنچ کر سماجی و معاشی سروے کے لئے ڈیٹا اکٹھا کیا۔ مشہور فلمی اداکار جونیر این ٹی آر نے بھی عہدیداروں کو اپنی تفصیلات فراہم کیں ۔ سروے کے تحت شہریوں کے آبائی مقام سے قطع نظر ان کی تمام تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت نے چند گوشوں کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کا یہ کہتے ہوئے ازالہ کرنے کی کوشش کی کہ سروے ، امتیازات پر مبنی نہیں ہے ۔ یہ الزام عائد کیاجارہا تھا کہ سیما آندھرا کے شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے یہ سروے کیاجارہا ہے ۔ حکومت نے واضح کیا کہ سروے فارم میں آبائی وطن کا کوئی کالم ہی نہیں ہے ۔ واضح ہو کہ حیدرآباد میں سیماآندھرا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شہری سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ان میں اے پی حکومت کے سرکاری ملازمین اور دیگر خانگی ملازمین و طلباء شامل ہیں ۔ حیدرآؓاد کو آئندہ10سال کے لئے اے پی و تلنگانہ کا مشترکہ دارالحکومت قرار دیا گیا ہے ۔

KCR claims Telangana survey a success

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں