جن دھن اسکیم غریبوں کے لئے بے فیض مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-31

جن دھن اسکیم غریبوں کے لئے بے فیض مایاوتی

لکھنو
پی ٹی آئی
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج دعوی کیا کہ نئی شروع کی گئی وزیر اعظم کی جن دھن یوجنا کارآمد ثابت نہیں ہوگی کیونکہ غریبوں اور کمزورں کو بینک کھاتوں کی نہیں راست رقمی فائدہ کی ضرورت ہے ۔ مایاوتی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ غریبوں کے لئے صرف بینک کھاتے کھولنے سے کوئی مقصد حل نہیں ہوگا اور انہیں کوئی رقمی فائدہ حاصل نہیں ہوگا ۔ ایک لاکھ روپے کی انشورنس کی رقم بھی انہیں آسانی سے حاصل نہیں ہوگی ۔ انہوں نے دعو ی کیا کہ ریاستی چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کے دور میں مکھیا منتری مہایاما آرتھک مدد یوجنا کے تحت ایسے فوائد فراہم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو راست رقمی فائدہ پہنچانے کی ضرورت ہے جو اپنی روز مرہ کی ضروریات کی تکمیل سے قاصر ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکز کی مختلف حکومتوں نے آزادی کے بعد سے درج فہرست طبقات و قبائل ، دیگر پسماندہ طبقات ، مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی اور انہیں خود مکتفی بنانے جن اسکیمات کا اعلان کیا تھا انہیں یا تو روک دیا گیا ہے یا پھر سرد خانہ کی نذر کردیا گیا ہے ۔ مایاوتی نے کہا کہ مرکزی حکومت پر ہماری کڑی نظر ہے کہ آخر وہ کمزور طبقات کے لئے کون سی فلاحی اسکیمات شروع کرتی ہے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے فرزند سے متعلق حالیہ تنازعہ اور بعد ازاں اس پر وضاحتوں کے بارے میں استفسار پر مایاوتی نے حریف جماعت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس بات سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ بی جے پی کا مستقبل کیا ہوگا۔

Jan Dhan scheme won't help poor financially, says Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں