کشمیر نے گاندھی کے سیکولر ہندوستان سے الحاق کیا تھا - مبارک گل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-31

کشمیر نے گاندھی کے سیکولر ہندوستان سے الحاق کیا تھا - مبارک گل

سری نگر
یو این آئی
جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر مبارک گل نے یہ بتاتے ہوئے کہ جموں و کشمیر نے مہاتما گاندھی کے سیکولر ہندوستان سے الحاق کیا ہے ، آج کہا کہ بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ اور علاقے کے ملک ہر شہری کا ہے ۔ اپوزیشن پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے ارکان کی جانب سے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے مبینہ بیان’’ ہندوستان میں رہنا ہے تو ہندو بن کے رہنا ہوگا‘‘ کا مسئلہ اٹھائے جانے کے بعد مبارک گل نے یہ بیان دیا ۔ پی ڈی پی ارکان بشمول نظام الدین بٹ نے کہا کہ جموں و کشمیر اکثریتی ریاست ہے جو سیکولر ہندوستان میں شامل ہوئی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایوان کو بھاگوت کے بیان کی مذمت کرنی چاہئے ۔
ایوان کے بی جے پی کے ارکان نے اس بیان پر اعتراض کیا اور نعرے لگائے ۔ پی ڈی پی ارکان کے جوابی نعروں کی وجہ سے انہیں نہیں سنا جاسکا ۔ اسپیکر مبارک گل نے کہا کہ ریاست نے گاندھی کے سیکولر ہندوستان سے الحاق کیا ہے اور ہم بھاگوت کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ اس پر پی ڈی پی اور بی جے پی ارکان کے درمیان کچھ دیرکے لئے پھر نعرے بازی ہوئی ۔ آزار رکن شیخ عبدالرشید نے الزام عائد کیا کہ پی ڈی پی اس مسئلہ پر کچھ فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے کیونکہ انہوں نے گزشتہ سیشن کے پہلے دن یہ مسئلہ اٹھایا تھا ۔ انہوں نے پی ڈی پی ارکان سے سوال کیا کہ انہوں نے اتنے دن کیوں خاموشی اختیار کررکھی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان میاچ فکسنگ ہے ۔ پی ڈی پی کشمیر میں یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے جب کہ بی جے پی بھاگوت کی تائید کرتے ہوئے جموں میں ووٹ بٹورنا چاہتی ہے ۔

J&K has joined secular India of Gandhi: Speaker

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں