آندھرا اسمبلی میں حکمراں اور اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-23

آندھرا اسمبلی میں حکمراں اور اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی

حیدرآباد
یو این آئی
اے پی اسمبلی میں آج ریاست کی نظم و ضبط کی صورتحال پر مختصر مدتی مباحث منعقد کئے گئے ۔ واضح ہو کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی، اے پی میں لا اینڈ آرڈر کے مسئلہ پر اسمبلی اجلاس کے آغاز سے ہی مباحث کا مطالبہ کررہی ہے ۔ ریاست میں پارٹی کیڈر پر آئے دن حملوں اور قتل کے واقعات کے پیش نظر جگن کے ارکان اسمبلی فوری مباحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد اے سریدھر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ان کی پارٹی کے کارکنوں پر منصوبہ بند انداز میں حملے کیے جارہے ہیں ۔ آئی اے این ایس کے بموجب اے پی اسمبلی میں ریاست کی نظم و ضبط کی صورتحال پر حکمراں تلگو دیشم پارٹی اور اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے درمیان آج گرما گرم مباحث ہوئے۔ اسپیکر کوڈیلا شیواپردساد راؤ کو آخر کار ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردینی پڑی کیونکہ حکمراں پارٹی کے ارکان ، قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی سے فوری غیر مشروط معذرت خواہی کا مطالبہ کررہے تھے ۔ تلگو دیشم ارکان کا مطالبہ تھا کہ جگن موہن ریڈی اپنے سلوک اور طرز عمل پر فوری معذرت خواہی کریں ۔ اس مسئلہ پر تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس کے احتجاجی ارکان اسپیکر کے پوڈیم تک پہنچ گئے جس پر اسپیکر کو کارروائی10منٹ کے لئے ملتونی کرنی پڑی۔اجلاس جب دوبارہ شروع ہوا تو صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ اسپیکر نے ارکان سے بار بار اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر لوٹ جائیں تاہم انکی اپیلوں کا کوئی اثر نہیں ہوا جس پر انہوں نے کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی ۔
ایوان میں گڑ بڑ اس وقت شروع ہوئی جب وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد جگن موہن ریڈی نے اس وقت چند ریمارکس کیے جب نظم و ضبط کے مسئلہ پر مباحث کے دوران تلگو دیشم پارٹی کے ایک رکن اظہار خیال کررہے تھے ۔ تلگو دیشم ارکان نے اس پر سخت اعتراض کیا اور قائد اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر غیر مشروط معذرت خواہی کریں ۔ تلگو دیشم رکن ڈی نریندر نے اسپیکر پر زور دیا کہ وہ اس وقت تک ایجنڈہ کی کارروائی آگے نہ بڑھائیں جب تک کہ تلگو دیشم ارکان کی توہین پر جگن موہن ریڈی ، غیر مشروط معذرت خواہی نہیں کرلیتے ۔ اسپیکر نے جگن کومشورہ دیا کہ وہ اپنے ریمارکس واپس لے لیں تاہم جگن نے یہ جاننا چاہا کہ تلگو دیشم ارکان کے خلاف اس وقت کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی جب انہوں نے مجھے ایک قاتل اور میرے ساتھی قائدین کو اسمگلرس کہا تھا ۔ قبل ازیں مباحث کے دوران قائد اپوزیشن نے اپنی پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کے سلسلہ وار قتل واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کے ایک رکن کے سریدھر ریڈی نے پارٹی کارکنوں پر حملوں کومنصوبہ بند قرار دیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم پارٹی،اپوزیشن کا صفایا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تین ماہ قبل تلگو دیشم پارٹی کے برسر اقتدار آنے کے بعد اب تک ان کی پارٹی کے14قائدین و کارکنوں کا قتل کردیا گیا ہے ۔ تلگو دیشم ارکان نے بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر جوابی حملے کرتے ہوئے2004تا2009کے دوران وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں تلگود یشم پارٹی کارکنوں پر حملوں کے لئے جگن کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔ تلگو دیشم پارٹی رکن اومامہیشور راؤ نے بتایا کہ راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں189تلگو دیشم ورکرس کا بہیمانہ قتل کردیا گیا تھا۔
(پی ٹی آئی) اسپیکر اے پی اسمبلی کو ڈیلا شیوا پرساد راؤ نے ایوان میں ایک غیر جمہوری لفظ کے استعمال پر قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی کی سرزنش کی۔ جگن نے تلگو دیشم پارٹی ارکان کا حوالہ دیتے ہوئے ایک غیر جمہوریہ لفظ کا استعمال کیا تھا۔ اسپیکر نے رولنگ دی کہ جگن کے ریمارکس ریکارڈس سے حذف کردیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قائد اپوزیشن آپ کو صبروتحمل سے کام لیتے ہوئے اظہار خیال کے وقت ذمہ داری برتنی چاہئے ۔ آپ اس طرح ایوان میں غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال نہیں کرسکتے ۔ یہ ایک قائد اپوزیشن کے لئے مناسب بات نہیں ہے ۔ جگن کے ریمارکس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی کارکن ایوان کے وسط تک پہنچ گئے اور ان ریمارکس پر سخت اعتراض کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ یا تو آپ اپنے الفاظ واپس لے لیں یا پھر مجھے انہیں ریکارڈس سے حذف کرنا پڑے گا۔

AP Assembly Speaker reprimands Jagan for using 'unparliamentary' words

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں