بی جے پی لیڈر نے مجھے چیف منسٹر دہلی کے عہدہ کا پیشکش کیا تھا - کمار وشواس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-31

بی جے پی لیڈر نے مجھے چیف منسٹر دہلی کے عہدہ کا پیشکش کیا تھا - کمار وشواس

نئی دہلی
آئی اے این ایس
عام آدمی پارٹی(اے اے پی) لیڈر کمار وشواس نے آج کہا ہے کہ بی جے پی کے ایک ایم پی نے انہیں گزشتہ اپریل، مئی میں منعقدہ عام انتخابات کے بعد دہلی کے چیف منسٹر کے عہدہ کا پیشکش کیا تھا ۔ وشواس نے ایک نیوز چیانل کو بتایا کہ’’ ایک بی جے پی ایم پی نے جو ایک پرانے دوست بھی ہیں ،انتخابات کے بعد میرے گھر آئے ۔ میں نے سوچا کہ وہ یاتو مجھے مبارکباد دینے آئے ہیں یا اظہار ہمدردی کے لئے آئے ہیں ، کیونکہ میں عام انتخابات میں شکست کھاچکا تھا لیکن انہوں نے مجھ سے کہا کہ ان کی پارٹی چاہتی ہے کہ میں چیف منسٹر کا عہدہ قبول کرلوں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ’’وہ بی جے پی قیادت کی ایماء پر مجھ سے ملاقات کررہے ہیں۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کمار وشواس دہلی کے ایم ایل اے نہیں ہیں ، لیکن انہوں نے امیٹھی( یوپی) سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا اور شکست اٹھائی۔ وشواس نے بتایا کہ انہوں نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا اور اپنے پارٹی رفیق کو فوری مطلع کیا۔ تاہم وشواس نے بتایا کہ وہ اس بی جے پی ایم ایل اے کے نام کا انکشاف نہیں کریں گے ۔(ایک اطلاع میں اس ایم پی کو ایم ایل اے بھی بتایا گیا ہے ) یہاں یہ بات بتادی جائے کہ گزشتہ فروری میں چیف منسٹر دہلی کے عہدہ سے اروند کجریوال کے استعفیٰ کے بعد سے دہلی میں صدر راج نافذ ہے ۔ کجریوال ، صرف49روز اقتدار پر رہے تھے۔ اسی دوران پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب بی جے پی نے کمار وشواس کے اس دعویٰ کو بکواس قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے کہ بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے پیشکش کیا تھا کہ اگر وشواس تشکیل حکومت میں مدد کے لئے بی جے پی میں شامل ہوجائیں تو انہیں دہلی کا چیف منسٹر بنادیاجائے گا۔
دوسری جانب کانگریس نے وشواس سے خواہش کی ہے کہ وہ ایم پی کا نام ،شناخت بتائیں ۔ دہلی بی جے پی کے صرد ستیش اپادھیائے نے وشواس کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے الزما لگایا کہ وشواس ،س یاسی فائدہ کے لئے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں ۔ اپادھیائے نے چیلنج کیا کہ اگر وشواس کے پاس اپنے دعویٰ کا کوئی ثبوت ہے تو وہ یہ ثبوت پیش کریں ۔ اسی دوران کانگریس نے کمار وشواس کے الزامات کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا ہے کہ اے اے پی قائدین ، سیاسی اعتبار سے اپنی اہمیت کو جتانے ایسے الزامات لگارہے ہیں ۔ کانگریس نے کہا ہے کہ وشواس ، اس بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے نام کا انکشاف کریں جنہوں نے مذکورہ پیشکش کیا تھا ۔ دہلی کانگریس کے ترجمان مکیش شرما نے کہا کہ’’ اے اے پی الزامات لگانے سے پہلے بالعموم اسٹنگ آپریشن کرتی ہے ۔ اس لئے اگر اس پارٹی کے پاس گفتگو(پیشکش) کی کوئی ریکارڈنگ ہے تو وہ منظر عام پر لائی جائے ۔
(آئی اے این ایس) عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے آج الزام لگایا ہے کہ وہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ منوج تیواری تھے جنہوں نے گزشتہ عام انتخابات کے بعد کمار وشواس کو چیف منسٹر دہلی کے عہدہ کا پیشکش کیا تھا ۔ منوج تیواری نے جو حلقہ شمال مشرقی دہلی کے ایم پی ہیں، الزام کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ ہتک عزت کا ایک مقدمہ دائر کریں گے لیکن اپنے سینئر قائدین سے بات چیت کے بعد ہی ایسا کریں گے ۔ سنجے سنگھ نے بتایا کہ’’ بی جے پی ایم پی منوج تیواری نے کمار وشواس سے گزشتہ19مئی کو ملاقات کی تھی اور خواہش کی تھی کہ وہ (وشواس)اپنے ساتھ18اے اے پی ارکان اسمبلی کو لائیں اور چیف منسٹر بن جائیں ۔‘‘ تیواری نے ایک نیو زچیانل کو بتایا کہ’’دہلی سے انتخاب میں میرے کامیاب ہونے کے بعد سے میں، اے اے پی قائدین کے الزامات کا مرکز بن گیا ہوں۔ قبل ازیں اے اے پی قائدین لوگوں سے یہ کہا کرتے تھے کہ میں ایک مشہور شخص ہوں اور ان کے لئے کام نہیں کروں گا اور اب اگر سنجے سنگھ میرا نام لے رہے ہیں تو یہ مجھ پر ایک شخصی حملہ ہے ۔‘‘

BJP tried to make me Delhi CM: Kumar Vishwas

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں