موصل ڈیم پر عراقی حکومت کے دوبارہ قبضہ کا خیر مقدم - اوباما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-20

موصل ڈیم پر عراقی حکومت کے دوبارہ قبضہ کا خیر مقدم - اوباما

واشنگنٹن
پی ٹی آئی
امریکی صدر بارک اوبامانے کہا کہ امریکی مدد سے عراقی کرد افواج کی جانب سے موصل ڈیم پر دوبارہ قبضہ اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں سے جنگ میں ایک اہم پیش قدمی ہے ۔ اس کارروائی میں امریکی طیاروں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر مسلسل بمباری کی تھی۔ اوباما نے صحافیوں کو بتایا کہ ہماری مدد سے عراقی اور کرد افواج نے موصل کے قریب عراق کے سب سے بڑے ڈیم پر دوبارہ قبضہ کرکے ایک بڑی پیش قدمی کی ہے ۔ اس مہینے کے آغاز میں موصل ڈیم دہشت گردوں کے کنٹرول میں آگیا تھا اور یہ معاملہ عراق میں موجود امریکیوں کے تحفظ سے راست طورپر منسلک تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کہ اس ڈیم کو تباہ کیاجاتا تو اس کے سیلاب سے نہ صرف بغداد میں موجود ہمارے سفارت خانہ کو بلکہ ہزاروں شہریوں کی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراقی کرد فورسس نے بڑی ہی جرات اورعزم کے ساتھ یہ کارروائی کی ۔ امریکی آرمی کا رپس آف انجینئرس کی ستمبر2006ء کی رپورٹ کے مطابق بنیاد کی اندرونی ابھار کی صلاحیت کی وجہ سے موصل ڈیم دنیا کا سب سے خطرناک ڈیم ہے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اگر یہ ڈیم اچانک منہدم ہوجاتا ہے تو اس سے موصل شہر65فٹ اور بغداد15فٹ گہرے پانی میں ڈوب جائے گا ۔ دو ہفتے قبل اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں نے موصل ڈیم پر قبضہ کرلیا تھا جس کی وجہ سے ڈیم کو توڑے جانے کے تعلق سے تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ اوباما نے کہا کہ’’ یہ آپریشن ظاہر کرتا ہے کہ عراقی اور کرد افواج آئی ایس آئی ایل سے مشترکہ جنگ کرنے کی اہل ہیں۔ اگر وہ مشترکہ طور پر جنگ جاری رکھتی ہیں تو انہیں امریکہ کی بھرپور تائید حاصل رہے گی ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ امریکہ شمالی عراق کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لئے عالمی اتفاق پیدا کررہا ہے ۔ بے گھر لوگوں کو طویل مدتی راحت پہنچانے اور ضرورت مندلوگوں کو غذا اور پانی فراہم کرنے کے سلسلے میں امریکہ، عراقی حکومت کے ساتھ ساتھ اپنے حلیفوں برطانیہ، کنیڈا ، فرانس، اٹلی اور آسٹریلیاکے ساتھ بھی کام کرے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ امریکہ، نئی عراقی حکومت کی حمایت اور اہم حلیفوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے آئی ایس آئی ایل کے خلاف لہر پیدا کرنے کے لئے اپنی دوررس حکمت عملی جاری رکھے گا ۔ دریں اثناء پینٹگان پریس سکریٹری ریراڈ مرل جان کربی نے کہا کہ عراقی حکومت کی گزارش پر گزشتہ72گھنٹوں کے دوران امریکی فوج نے موصل ڈیم کامپلکس کے اطراف آئی ایس آئی ایل کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لئے اپنے جنگجو ، بمبار اور ڈرون طیاروں کے ذریعہ35حملے کئے ۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ہم نے90نشانوں کو تباہ کیا جن میں گاڑیاں، سازو سامان اور جنگی ٹھکانے شامل ہیں ۔ عراقی افواج نے ڈیم کو آزاد کرالیا اور اس علاقے میں اپنے کنٹرول کو وسیع کرنے کے لئے کام کررہی ہیں۔

Obama: Iraq forces retake Mosul Dam from militants

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں