میٹرو ریل شہر حیدرآباد کے عوام کے لئے ایک تحفہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-02

میٹرو ریل شہر حیدرآباد کے عوام کے لئے ایک تحفہ

حیدرآباد
ایس این بی
وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہا کہ میٹرو ریل شہرکے عوام کے لئے تحفہ ہوگی اس پروجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے حکومت سنجیدہ ہے ۔ میٹرو ریل پر حکومت سنجیدہ ہے ۔ ریاستی حکومت حیدرآباد اور سکندرآباد کے لئے مزید نئے مقامات تک میٹرو ریل کی توسیع کے لئے ایک جامع منصوبہ رکھتی ہے ، جس سے عوام کو سفر کی بہتر سہولتیں حاصل رہیں گی ۔میٹرو ریل کے فاصلے72کلو میٹر سے بڑھا کر 200کلو میٹر کردیا جائے گا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اگر کسی مقام پر ریل کے گزرنے کے راستہ نہ ہو تو عہدیداروں کو چاہئے کہ زیر زمین راستہ تلاش کریں ، لیکن عوام کو میٹرو ریل کے ذریعہ ممکنہ سہولت پہنچائی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ٹریفک پر قابو پانے میں میٹرو ریل بہت کار آمد ثابت ہوگی ۔ اس سے ٹریفک بہاؤ میں کمی آئے گی ۔ انہوں نے کہا حکومت ہر مقام کے عوام کو میٹرو ریل کی سہولتیں فراہم کرے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سرکاری اسکیمات کو ہر گھر پہنچانے کے لئے حکومت سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنچایت راج اداروں کو مثالی بنانے کے لئے عوام میں شعور بیدا ر کرنے کے منصوبہ پر عمل کررہی ہے ۔ پنچایت راج اداروں کی کارکردگی کو موثر بنانے کیرالہ اور کرناٹک کے لئے دو ٹیموں کو روانہ کیاجارہا ہے ، جہاں وہ پنچایت راج کی کارکردگی کا جائزہ لے گی ۔ پنچایت راج اداروں کو مستحکم کرنے سے عوام کو فوائد حاصل ہوں گے ۔
ریاست کے زیادہ تر عوام دیہی مقامات پر سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں۔ حکومت دیہی عوام تک ٹکنالوججی کے فوائد پہنچانے کے لئے کوشاں ہے ۔’’می سیوا‘‘ کے ذریعہ دیہی عوام کو راست سہولتیں پہنچائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ سیل فون کے ٹاور سے عوام کو کوئی نقصان نہیں بلکہ نقصان سیل فون سے ہے، کیونکہ سیل فون سے ریڈیشن کا اخراج ہوتا ہے ۔ ریاستی حکومت ماہ اکتوبر تک دونوں شہروں میں وائی فائی کو متعارف کروانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی نے کہا کہ بہت جلد میٹرو کو تجرباتی طور پر شہر میں دوڑایا جائے گا ۔ تلگونیا سال اگادی کے موقع پر تجرباتی طورپر ناگول سے مٹو گوڑہ کے درمیان میٹرو ریل کو دوڑایاجائے گا ۔ اس مقصد کے حصول کے لئے انجن کو چار بوگیاں جوڑی جائیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹرو کے کاموں کو کسی بھی صورت میں نہیں روکا جائے گا۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ اسمبلی عمارت کے سامنے اور معظم جاہی مارکٹ کے راستے میں کوئی زیر زمین راستہ میٹروریل کے لئے نہیں بنایاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ایم آر پروجیکٹ پر اب تک4,600کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ اس کی توسیع کے لئے مزید رقم صرف کی جائے گی ۔ انہوں نے ایک بار پھر زور دے کر کہا کہ حیدرآباد میٹرو ریل صرف تلنگانہ کا پروجیکٹ ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں