حیدرآباد کے لا اینڈ آرڈر مسئلہ پر لوک سبھا کاروائی ملتوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-12

حیدرآباد کے لا اینڈ آرڈر مسئلہ پر لوک سبھا کاروائی ملتوی

نئی دہلی
یو این آئی
تلنگانہ راشٹر یہ سمیتی کے ارکان نے حیدرآباد کے لااینڈ آرڈر ،گورنر ایس ایل نرسمہن کے حوالے کرنے کی مرکز کی ہدایت کے خلاف آج لوک سبھا کے وقفہ سوالات کے دوران ہنگامہ کیا۔ آج لوک سبھا کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی، ٹی آر ایس ارکان نے’’انصاف ‘‘ کے لئے نعرے بلند کے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی ہدایت دستور کے مغائر ہے ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے یہ کہتے ہوئے کہ انہیں اس مسئلے کو وقفہ صفر میں اٹھانے کا موقع دیاجائے گا ، انہیں اپنی نشستوں پر واپس جانے کے لئے بار بار کہا، تاہم ٹی آر ایس ارکان اپنے موقف پر اٹل رہے اورویل میں نعرہ باری جاری رکھی جس کی وجہ سے اسپیکر کو مجبوراً ایوان کی کارروائی ساڑھے گیارہ بجے تک دس منٹ کے لئے ملتوی کرنا پڑا ۔ پی ٹی آئی کے بموجب ٹی آر ایس ارکان حیدرآباد میں نظم و ضبط سے متعلق گورنر کو چند مخصوص اختیارات دینے کے فیصلے پر احتجاج کررہے تھے ۔ جیسے ہی ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا ٹی آر ایس ارکان نے یہ مسئلہ اٹھایا اور ایوان میں وقفہ سوالات کو ملتوی کرکے اس مسئلے پر مباحث کا مطالبہ کیا ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے تحریک التوا کو نامنظور کردیا ۔ لیکن احتجاجی اراکین کو تیقن دیا کہ انہیں ا س مسئلے کو وقفہ صفر میں اٹھانے کی اجازت دی جائے گی ۔ مرکز کے فیصلے کی مخالفت میں نعرہ بازی کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے چند ارکان ایوان کے درمیان پہنچ گئے ۔ آندھرا پردیش کے کچھ ارکان نے کہا کہ جب تلنگانہ بل پر پارلیمنٹ میں مباحث ہوئے تھے تو تلنگانہ نے گورنر کو مخصوص اختیارات دینے کی حمایت کی تھی۔ احتجاج کے دوران اسپیکر نے دو سوالات کے بعد ہی ایوان کی کارروائی کو دس منٹ کے لئے ملتوی کردیا ۔ مرکز نے حال ہی میں تلنگانہ حکومت کو مطلع کیا تھا کہ نظم و ضبط سے متعلق تمام معاملات پر جن میں گریٹر حیدرآباد علاقہ میں اعلی پولیس عہدیداروں کا تبادلہ بھی شامل ہے ، گورنر کا فیصلہ حتمی ہوگا۔

Hyderabad Law & Order Control: TRS MPs Stall Lok Sabha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں