آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو ہندوستانی آئین کا علم نہیں - اپوزیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-12

آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو ہندوستانی آئین کا علم نہیں - اپوزیشن

نئی دہلی
یواین آئی
کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں نے راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان کی سخت مذمت کی ہے کہ ہندوستان میں رہنے والے تمام لوگوں کو ہندو کہاجانا چاہئے ۔ کانگریس، این سی پی، جے ڈی یو، سی پی آئی ایم اور بہوجن سماج پارٹی نے بھاگوت کے اس بیان کی سخت مذمت کی ہے جب کہ بی جے پی کی حلیف شیو سینا نے آر ایس ایس سربراہ کی حمایت کی ہے۔ واضح رہے کہ بھاگوت نے اڈیشہ کے کٹک میں کل ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ انگلینڈ میں رہنے والے انگریز ہیں، جرمنی میں بسنے والے جرمن ہیں اور امریکہ کے عوام امریکی ہیں تو ہندوستان میں رہنے والے تمام لوگ ہندو کیوں نہیں ہوسکتے۔ بی ایس پی کی سربراہ مایا وتی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ میرا خیال ہے کہ بھاگوت کو ہندوستانی آئین کا علم نہیں ۔ اگر انہیں اس کا علم ہوتا تو وہ ایسا نہیں کہتے۔ انہیں پہلے آئین کا مطالبہ کرنا چاہئے اور پھر اس طرح کی باتیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈ کر نے ملک میں رہنے والے مختلف مذاہب کو ذہن میں رکھ کر ہی ملک کا نام ہندوستان نہیں بلکہ بھارت رکھا تھا اور سیکولر ازم کی بنیاد پر ملک کا آئین بنایا تھا ۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ڈی پی ترپاٹھی نے کہا بھاگوت جی کی یہ بات درست ہے کہ فرانس میں رہنے والا فرانسیسی ہے اور اٹلی میں رہنے والا اطالوی ۔ اسی طرح ہندوستان میں رہنے والے ہندوستانی ہیں ۔ لیکن فرانس کا کوئی شخص یہ نہیں کہے گا کہ میری شناخت فرانسیسی کیتھولک ہے۔ اسلئے ہندوستان میں رہنے والا ہر شخص ہندوستانی ہے ۔ کانگریس کے مدھو سدن مستری نے کہ آئین میں تمام مذاہب کو برابر کا درجہ دیا گیا ہے ۔ ذاتی طور پر اگر میں ہندو مذہب پر اعتقاد رکھتا ہوں تو مجھے خود کو ہندو کہنے میں کوئی دقت نہیں ہے ۔ لیکن ملک کو ہندو قوم نہیں کہاجاسکتا ۔ مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سیتا رام یچوری نے بھی بھاگوت کے بیان کی مذمت کی ۔ جنتا دل یو کے صدر شرد یادو نے کہا آئین میں انسان بننے کاسبق ہے ۔68برس ہوچکے ہیں اور ملک آئین کے مطابق چل رہا ہے اور آئندہ بھی چلے گا ۔ جو اس راستے کو بدلنے کی کوشش کرے گا وہ کامیاب نہیں ہوگا۔ تاہم شیو سینا کے سنجے راوت نے بھاگوت کے بیان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بالا صاحب ٹھاکرے نے سب سے پہلے یہ بات اٹھائی تھی۔ ہندو صرف ایک مذہب ہی نہیں بلکہ ایک طرز حیات ہے ۔ ہم بھاگوت کے بیان کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں ۔

RSS chief Mohan Bhagwat under attack for 'Hindus' comments

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں