ہندو ملک سے متعلق موہن بھاگوت کا متنازعہ تبصرہ - کانگریس اور ایس پی کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-19

ہندو ملک سے متعلق موہن بھاگوت کا متنازعہ تبصرہ - کانگریس اور ایس پی کی تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سیاسی جماعتوں بشمول کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو آج ان کے منتازعہ ریمارکس کے سلسلہ میں نشانہ تنقید بنایا کہ ہندوستان ایک ہندو ملک ہے اور ہندوتوا اس کی پہچان ہے ۔ سینئر کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹر پیامات میں موہن بھاگوت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے آر ایس ایس سربراہ کو ہٹلر قرار دیا اور کہا کہ سنگھ پریوار کو سیاست کا مذہب میں استعمال کرتے ہوئے بھولے بھالے عوام کوبے وقوف بنانا بند کرنا چاہئے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جو وزیر اعظم نریندر مودی کے کٹر ناقد بھی تصور کئے جاتے ہیں، سلسلہ وار پیامات میں کہا کہ ہم یہ سمجھتے تھے کہ ایک ہٹلر تیار ہورہا ہے لیکن اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دو ہٹلر بن رہے ہیں ۔ خدا اس ملک کو بچائے ۔ موہن بھاگوت نے کل ممبئی میں یہ متنازعہ تبصرہ کیا تھا ۔ ڈک وجئے سنگھ نے کہا میں موہن بھاگوت سے یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا ہندو توا مذہبی شناخت ہے ، سناتن دھرم کے ساتھ اس کا کیا تعلق ہے ۔ کیا موہن بھاگوت اس بات کی وضاحت کریں گے کہ اسلام ، عیسائیت ، سکھ ازم، بدھ مت ، جین ازم یا کسی اور مذہب کا ماننے والا بھی ہندو ہے ۔ انہوں نے ایک ٹوئٹر پیام میں کہا کہ ہمارے کسی وید، اپنشد ، گیتا، پوران یا کسی اور مذہبی کتاب میں لفظ’’ہندو‘‘ یا’’ ہندتوا‘‘ کا تذکرہ ہے ۔ آر ایس ایس کو سیاست میں مذہب کا استعمال کرتے ہوئے بھولے بھالے عوام کو بے وقوف بنانا بند کرنا چاہئے ۔ہم اپنے سناتن دھرم پر اور دیگر مذاہب کے تئیں اس کی رواداری پر فخر کرتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے بھاگوت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سنگھ پریوار نفرت اور علیحدگی کی سیاست پر عمل پیرا ہے ۔ سماج وادی پارٹی ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ وہ لوگ صرف سماجی کشیدگی بھڑکانے ایسے الفاظ اور زبان کا استعمال کرتے ہیں ۔ کانگریس قائد منیش تیواری نے بی جے پی اور وی ایچ پی کے مرکزی وزراء اور قائدین کے متنازعہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مذہبی خطوط پر پھوٹ ڈالنے کی اجتماعی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ صاف ظاہر ہے کہ مرکزی حکومت کی ساز باز سے مذہبی خطوط پر پھوٹ ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ ہندوستان کی ثقافتی شناخت ، مذہبی ملک کی نہیں ہے۔ ہندستان ، پاکستان نہیں ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ بھاگوت نے جو وی ایچ پی کی گولڈن جوبلی تقاریب میں شرکت کے سلسلہ میں کل ممبئی میں تھے ، کہا تھا کہ ہندوستان ایک ہندو ملک ہے ، ہندوتوا ہمارے ملک کی پہچان ہے اور ہندو مت دیگر مذاہب میں بھی سما سکتی ہے ۔

Congress, Samajwadi Party flay RSS chief Mohan Bhagwat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں