ثانیہ مرزا کو تلنگانہ کا برانڈ سفیر بنانے پر بی جے پی کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-25

ثانیہ مرزا کو تلنگانہ کا برانڈ سفیر بنانے پر بی جے پی کی تنقید

حیدرآباد
آئی اے این ایس
ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو تلنگانہ کا برانڈ سفیر مقرر کرنے حکومت تلنگانہ کے فیصلہ پر بی جے پی نے آج شدید تنقید کی ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ ثانیہ مرزا غٰیر مقامی ہے اور وہ پاکستان کی بہو ہے ۔ تلنگانہ اسمبلی میں بی جے پی قائد کے لکشمن نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے یہ قدم صرف اور صرف مجوزہ گریٹر حیدرآبا میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے پیش نظر اقلیتوں کی خوشامد کے لئے کیا ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ثانیہ مرزا مہاراشٹرا میں پیدا ہوئیں اور1986میں حیدرآباد منتقل ہوگئیں۔ لکشمن نے حیرت کا اظہار کیا کہ کس طرح تلنگانہ حکومت ثانیہ مرزا کو اس اعزا ز سے نواز سکتی ہے جبکہ اس نے2010میں اپنی شادی کے لئے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کا انتخاب کیا تھا۔ انہوں نے ثانیہ مرزا کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ جارتی کرنے حکومت کے قدم پر بھی حیرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ حال ہی میں تلنگانہ کی ایک 13سالہ لڑکا مالوت پورنا نے دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی ۔ اسے اس کارنامہ پر صرف25لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ حکومت نے طلباء کی فیس ری امبرسمنٹ کے لئے ایک طرف سخت قواعد لاگو کر رکھے ہیں کہ1956سے قبل جن طلباء کے والدین تلنگانہ میں مقیم تھے صرف انہیں ہی فیس ری امبرسمنٹ جاری کیا جائے گا ۔ اور ایک طرف ایک غیر مقامی کو حکومت تلنگانہ کابرانڈ سفیر مقرر کیاجاتا ہے۔ واضح ہو کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ثانیہ مرزا کو تلنگانہ کا برانڈ امیبسڈر مقرر کرتے ہوئے انہیں اس سلسلہ میں ایک مکتوب حوالہ کیا اور امریکی اوپن ٹینس کی تربیت کے لئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی۔ کے چندر شیکھر راؤ نے ثانیہ مرزا کو دختر حیدرآباد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ثانیہ نے اپنی کامیابیوں کے ذریعہ حیدرآباد اور تلنگانہ کا سر فخر سے اونچا کردیا ہے۔ بی جے پی قائد لکشمن نے مزید کہا کہ ثانیہ مرزا نے کبھی علیحدہ تلنگانہ کی تحریک میں حصہ نہیں لیااور نہ ہی کسی بتکماں کھیلی۔ بتکماں تلنگانہ خواتین کا ایک لوک گیت و رقص تہوار ہے ۔
مرتے دم تک ہندوستانی رہوں گی

حیدرآباد سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب حیدرآباد کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ مرتے دم تک ہندوستانی رہیں گی ۔ ثانیہ مرزا نے یہ بات اس وقت کہی جب تلنگانہ کے بعض بی جے پی رہنماؤں نے انہیں تلنگانہ کا برانڈ ایمبسڈر مقرر کرنے پر تلنگانہ حکومت پر نکتہ چینی کی تھی اور کہا تھا کہ ثانیہ مرزا پاکستان کی بہو ہے ۔ ثانیہ نے کہا کہ ان کی شادی شعیب ملک سے ہوئی ہے جو پاکستانی ہیں لیکن وہ ایک ہندوستانی ہیں اور مرتے دم تک ہندوستانی رہیں گی ۔ انہوں نے میڈیا کے لئے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اس مسئلہ پر اپنا وقت برباد کرنے پر انہیں تکلیف پہنچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کا برانڈ ایمبسڈر مقرر کرنے کے معمولی واقعہ پر تنازعہ کھڑا کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ ماننا ہے کہ قیمتی وقت کو ہماری ریاست اور ملک کے اہم ترین مسائل کو حل کرنے کے لئے صرف کرنا چاہئے ۔
ثانیہ مرزا کا بیان تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے رہنما کے لکشمن کے بیان کے ایک دن بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھاکہ تلنگانہ کی حکومت ثانیہ مرزا کو حکومت کا برانڈ ایمبسیڈر بنایاہے تاکہ مسلمانوں کی خوشامد کی جاسکے ۔ اس بیان پر ثانیہ مرزا نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان میں پیدا ہوئی ہیں اور اس وقت حیدرآباد آئیں جب وہ تین ہفتے کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے آبا و اجداد ایک صدی سے زیادہ حیدرآباد میں مقیم رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دادا محمد ظفر مرزا نے1948میں ریلویز میں حیدرآباد انجنیئر کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور حیدرآباد میں اپنے آبائی مکان میں ہی ان کی موت ہوئی۔ ان کے پرداد محمد احمد مرزا کی بھی پیدائش حیدرآباد میں ہوئی تھی اور وہ حیدرآباد کے واٹر ورکس ڈپارٹمنٹ میں چیف انجیئنر تھے، جنہوں نے مشہور گنڈی پیٹ ڈیم کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ ان کے پرداد کے والد عزیر مرزا نظام حیدرآباد کے ہوم سکریٹری تھے ۔ ان کا خاندان کئی صدیوں سے حیدرآباد سے تعلق رکھتا ہے اور وہ انہیں حیدرآباد سے باہر کا کہنے والوں کے بیانات کی مذمت کرتی ہیں۔
* ثانیہ کو تلنگانہ کا برانڈ ایمبیسڈر بنائے جانے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ، وہ ملک کا وقار ہیں۔ صحیح معنوں میں وہ پورے ملک کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں:(پرکاش جاؤڈیکر،وزیر برائے اطلاعات و نشریات)
* ثانیہ مرزا ہندوستانی کھلاڑی ہیں ۔ انکے متعلق ایسی باتیں نہیں کہنی چاہئیں ، جس کی کوئی بنیاد نہ ہو:(سیتا رام یچوری، سی پی آئی ایم لیڈر)
* ثانیہ کو برانڈ ایمبیسڈر بنانے کا استقبال کرنا چاہئے ۔ ثانیہ پر ملک کو فخر ہے ۔( مایاوتی ، بی ایس پی سربراہ)
* بی جے پی ہر معاملے کو متنازع بنادینا چاہتی ہے اگر ثانیہ پاکستان کی بہو ہیں تو بی جے پی ان کے سٹیزن شپ رد کیوں نہیں کردیتی:( اتل انجان، سی پی آئی لیڈر)
* ثانیہ مرزا ہندوستان میں پیدا ہوئی ہیں ۔ یہ بی جے پی کی تنگ نظری ہے کہ وہ ان کی مخالفت کررہی ہے :( نریش اگر وال،ایس پی لیڈر)

Sania Mirza Condemns BJP Leader's Comments

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں