ملک میں 5 برسوں میں پہلی بار خشک سالی کا خطرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-13

ملک میں 5 برسوں میں پہلی بار خشک سالی کا خطرہ

نئی دہلی
ایجنسیاں
مودی حکومت بھلے ہی اچھے دن کے خواب دکھا رہی ہو مگر اس کے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کو خشک سالی کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ کمزور مانسون کا سیدھا اثر کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے ۔ اور مہنگائی میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ گزشتہ۵؍برسوں میں پہلی بار ملک میں خشک سالی کا خطرہ پیدا ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارش ضرورت سے بہت کم ہوئی ہے اور کئی ریاستوں میں خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے ۔ مٹی میں نمی کم ہوگئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی پنجاب، ہریانہ ، جنوبی مغربی جموں کشمیر ، یوپی، راجسھتان، گجرات، تلنگانہ، مہاراشٹر، آندھرا ، مشرقی مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے زیادہ تر حصے خشک سالی کا شکار ہوسکتے ہیں ۔ اس کی وجہ سے ربیع کی اگلی فصل بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔ سوکھے کے امکان نے حکومت کی بھی نیند حرام کردی ہے تاہم مرکزی وزیر برائے دیہی ترقیات اورپیندر کشواہا کا کہنا ہے کہ حکومت خشک سالی سے نمٹنے کی تیاری کررہی ہے ۔ ادھر گجرات کے ولساڑھ سے اچھی خبر آئی یہاں جمعہ کو شروع ہرنے والے بارش کے سلسلے نے کسانوں کی ہمت بندھائی ہے اور ان کے چہرے کھل گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 5 دنوں میں مانسون وسطی ہندوستان کی طرف بڑھے گا۔ افسران کے مطابق خشک سالی اور اس کے اثر کے بارے میں پیش گوئی کرنا ابھی جلد بازی ہوگی۔ کچھ دنوں بعد ہی اس کے بارے میں صحیح اندازہ لگایاجاسکتا ہے ۔ مرکزی حکومت کے مانسون مشن کے چیئرمین کاکہنا ہے کہ اگر ایک ہفتے میں بارش نہیں ہوتی ہے تو سوکھا پڑ جائے گا ، پورے مانسون کے دوران اگر۱۱؍فیصد سے زیادہ بارش کی کمی ہوجائے تو خشک سالی کی صورت بنتی ہے ۔ جب کہ اب تک۴۳؍ فیصد کم بارش ہوئی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں