پی ٹی آئی
کانگریس نے آج اٹارنی جنرل مکل روہگی کو یہ رائے دینے پر نشانہ تنقید بنایا کہ کانگریس کو لوک سبھا میں قائد اپوزیشن کا عہدہ طلب کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں اور کہا کہ اس معاملہ میں انہوں نے اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ کانگریس ترجمان آنند شرما نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اٹارنی جنرل کی رائے اس کاغذ کے بھی لائق نہیں جس پر یہ تحریر کی گئی ہے ۔ یہ امر انتہائی بد بختانہ ہے کہ اٹارنی جنرل نے اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے ایسی رائے ظاہر کی ہے ۔ وہ متصادم حکومت کے شرمناک ،جانبدارانہ رویہ کے لئے صرف ایک عذر فراہم کررہے ہیں ۔ میں نہیں جانتا کہ اٹارنی جنرل نے قائد اپوزیشن کے ضمن میں کس قانون کا حوالہ دیا ہے؟ توقع ہے کہ وہ بہتر قانونی و دستوری فہم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی رائے نہیں دیں گے جو ان کے عہدہ کے وقار کے منافی ہو ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ اٹارنی جنرل نے قائد اپوزیشن کا عہدہ حاصل کرنے کانگریس کی کوششوں کو زبردست دھکہ پہنچاتے ہوئے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ پارٹی کو اس عہدہ پر دعویٰ پیش کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔
آنند شرما نے کہا کہ پہلی لوک سبھا کے بعد سے ایسی کوئی مثال نہیں جو ان کے موقف کی تائید کرتی ہو ۔ روہتگی نے اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن کو اپنی رائے سے واقف کرایا جنہوں نے اس معاملہ میں انکا نکتہ نظر جاننا چاہا تھا ۔ شرما نے حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ قائد اپوزیشن کے مسئلہ پر سمتر ا مہاجن پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے اسپیکر پر زور دیا کہ وہ اس معاملہ میں منصفانہ فیصلہ کریں۔ یہ بتاتے ہوئے کہ اپوزیشن کے نمائندے کی غیر موجودگی میں اگر کوئی ایسے تقررات کئے گئے جن میں قائد اپوزیشن کا رول ضروری ہے تو ایسے تمام تقررات بے قاعدگی میں شمار ہوں گے ۔ آنند شرما نے کہا کہ پارٹی نے یہ عہدہ نہ دیئے جانے پر عدالت سے رجوع ہونے کے راستے کو کھلا رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام چیزوں سے حکومت کی نیت ظاہر ہوتی ہے کہ وہ اسپیکر پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اسپیکر کو غیر جانبدارانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اٹارنی جنرل نے یہ رائے ظاہر کی ہے کہ کانگریس قائد اپوزیشن کا عہدہ حاصل کرنے کا دعویٰ کرنے کا حق نہیں رکھتی کیونکہ543رکنی لوک سبھا میں اس کے پاس درکار10فیصد نشستیں(55نشستیں) نہیں ہیں ۔ کانگریس کے پاس صرف44نشستیں ہیں۔ آنند شرما نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اسپیکر اس رائے کو مسترد کردیں گی جس کا مقصد صرف عاملہ کو خوش کرنا ہے ۔ یہ اسپیکر اور ہندوستانی جمہوریت کی ایک آزمائش ہے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں