مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ کا گریجویشن ڈے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-09

مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ کا گریجویشن ڈے


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-july-9

mjcet-2014-grad-day
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ ریاست کے وزیر برائے انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے حیدرآباد کو ہندوستان کا پہلا وائی فائی سٹی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہت لنگانہ کی حکومت علاقہ تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کو تعلیمی مرکزکی حیثیت سے ترقی دے گی ۔ اس سلسلہ میں ملک کے اہم اداروں آئی آئی آئی ٹی دیگر سے تعاون حاصل کیاجائے گا جس کے باعث تلنگانہ ملک میں معیاری تعلیم اور انفارمیشن ٹکنالوجی کا سب سے بڑا مرکز بن جائے گا ۔ کے تارک راما راؤ آج مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی (بنجارہ ہلز) کی گریجویشن ڈے، سے مخاطب تھے ، یہ گریجویشن ڈے کالج کے غلام احمد ہال میں منعقد کی گئی۔ اس گریجویشن ڈے میں پروفیسر ایس ستیہ نارائنا وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جب کہ شہ نشین پر ایڈیٹر انچیف روز نامہ منصف نیوز ، و صدر نشین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی جناب خان لطیف محمد خان، نائب صدر نشین محمد ولی اللہ ، سکریٹری ظفر جاوید خازن ، ڈاکٹر میرا کبر علی خان، اراکین کمیٹی محمدجعفر ، سید عبدالوہاب ، عامر جادید، عبدالقادر اڈوائزر کم ڈائرکٹر پروفیسر شبیر احمد ، پروفیسر فرحت اللہ حسینی، پروفیسر اشفاق جعفری ، پروفیسر معز قیصر ، پروفیسر عبدالقدیر کے علاوہ آئی اے ایس کے لئے منتخب ایم جے کالج کے سابق طالب علم مشرف علی فاروقی اور ایم جے المنی اسوسی ایشن کے صدر خواجہ آصف احمد موجود تھے ۔ کے تارک راما راؤ نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب کی ستائش ساری دنیا میں کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد ایک کاسمو پالیٹن شہر ہے ، جہاں پر مختلف مذاہب کے ماننے والے اور مختلف ریاستوں کے باشندے ہمیشہ مل جل کر رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد بہت جلد ہندوستان کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی کا گہوارہ بن جائے گا جہاں ایک ایسا ماحول فروغ پائے گا جو ایجادات تنوع، پیداواراور برقی کے لئے سازگا ر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی حکومت تلنگانہ کی ترقی کے لئے بیرونی سرمایہ کاروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے انجینئرنگ کے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ نت نئی ایجادات کے لئے ریسرچ پر زیادہ توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کالجس کے طلبہ کو تیسرے اور چوتھے سال سے ہی مختلف آئی ٹی کمپنیز کی جانب سے تربیتی اساس پر ان کی خدمات حاصل کی جائے جب وہ کورس کی تکمیل کر کے ڈگری حاصل کریں گے تو انہیں آئی تی کمپنیز میں روزگار حاصل ہوجائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں انجینئرنگ کے گریجویٹس ہر سال فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔ مگر کیا وجہ ہے کہ اس شعبہ میں وہ ملک اور دنیا میں ان کا نام روشن نہیں کرتے ۔جس طرح مارک زکربرگ(FaceBook) کے خالق اور سیری پیجر(Google) کے خالق نے دنیا میں ان کا نام روشن کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مارک زکربرگ اور سیری پیجر جیسے تخلیق کار ہمارے درمیان نہیں ہے ۔ وہ انجینئرنگ کے طلبہ تھے ۔ انہوں نے ایجادات کے ذریعہ دنیامیں ایک نیا انقلاب روشناس کیا تھا ۔ کے تارک راما راؤ نے انہیں گریجویشن ڈے میں مدعو کرنے پر سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے اس موقع پر طلبہ کو عید کی مبارکباد کہا ۔
وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس ستیہ نارائنا نے کہا کہ ملک میں1.4ملین گریجویٹس اور30ہزار کالجس موجود ہیں ۔ہمارا ملک ہر شعبہ حیات میں ترقی کررہا ہے تاہم انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تعلیمی معیار توقع کے مطابق نہیں ہے ۔ جسے بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کالج کی سطح پر تخلیقی صلاحیتوں پرزیادہ توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کے ہر طالب علم کو کم از کم6ماہ کسی معیاری کمپنی میں انٹرن شپ کرنی چاہئے ۔ سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی ظفرجاید نے طلبہ کو انجینئرنگ کورس کی تکمیل پر انہیں مبارکبا دپیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ والدین جو ان کے نونہالوں کو انجینئربنانے کا جو خواب دیکھا تھا آج ان کے بچے انجینئرنگ میں کامیاب ہونے پر ان کا خواب پورا ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک زندگی کا مقصد نہ ہو منزل تک نہیں پہنچا جاسکتا ۔ انہوں نے تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سال2001میں وہ تلگو دیشم پارٹی کو خیر آباد کرکے ٹی آر ایس قائم کی تھی ۔ا نہوں نے سال2001میں تنہا علیحدہ تلنگانہ کی تحریک شروع کی تھی ۔13سال کے بعد اب تلنگانہ ریاست قائم ہوگئی ہے اور کے سی آر تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر بن گئے ۔انہوں نے والدین اور سرپرستوں کو مبارک پیش کی جن کی جدو جہد، ایثار اور قربانیوں کا پھل ان کے بچوں کا اعلیٰ تعلیم کی شکل میں ملا ہے ۔
ایڈیٹر انچیف روزنامہ’’منصف‘‘ و صدر نشین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی جناب خان لطیف محمد خان نے انجینئرنگ گریجویٹس کو حلف دلایا۔ ریاستی وزیر کے تارک راما راؤ صدر نشین سوسائٹی جناب خان لطیف محمد خان، نائب صدر نشین سوسائٹی محمد ولی اللہ ، سکریٹری سوسائٹی ظفر جاوید ، خازن سوسائٹی دیگر نے میریٹ میں کامیاب طلبہ میں ایوارڈس اور اسناد تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ایم جے کالج کے سابق طالب علم مشرف علی فارقی کو تہنیت پیش کی گئی اور انہیں گولڈ میڈل بھی پیش کیا گیا جو آئی اے ایس کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔ کالج کے طالب علم الیاس احمد کی قرات کلام پاک سے گریجویشن ڈے کا آغازہوا۔ پروفیسر فرحت اللہ حسینی نے خیر مقدمی تقریر کی اور شکریہ ادا کیا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں