اسرائیل سے دفاعی خرید و فروخت بند کر دینے کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-22

اسرائیل سے دفاعی خرید و فروخت بند کر دینے کا مطالبہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اپوزیشن جماعتوں نے غزہ میں تشدد کی مذمت کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں اس کے کلاف ایک قرار داد منظور کرنے پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ اس اسرائیل سے تمام فوجی خرید و فروخت بند کردی جائے ۔ تقریباً ایک ہفتہ سے جاری تعطل کو ختم کرتے ہوئے ایوان میں اس مسئلہ پر بحث شروع ہوئی ۔ بحث کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملہ پر اقوام متحدہ میں بھی اپنی تشویش ظاہر کرنے کا ہندوستان سے مطالبہ کیا گیا ۔ فلسطین کے غزہ پٹی اور مغربی کنارہ کے علاقوں میں جاری بھیانک تشدد پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے اس مسئلہ پر بحث میں تاخیر پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ آیا حکومت نے فلسطین کے تئیں ملک کی خارجہ پالیسی تبدیل کردی ہے ۔ انہوں نے حکومت پر فلسطین میں جاری قتل عام کی خاموش تماشائی بنے رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا’’میں حکومت اپوزیشن ایوان اور ملک کے 124کروڑ عوام سے درخواست کرتاہوں کہ انسانی بنیادوں پر اٹھ کھڑے ہوں۔ اس مسئلہ پر ایک قرار داد منظور کی جائے۔طاقت کا استعمال بند ہونا چاہئے ۔ مزیدجانی و مالی نقصان روکا جانا چاہئے ۔‘‘ اس کے لئے انہوں نے متحدہ اپیل پر زور دیا اورکہا کہ حملہ کی تمام ایوان مذمت کرے ۔ غلام نبی آزاد نے یاد دلایا کہ ہندوستان کی پالیسی ہمیشہ سے فلسطینی مقصد کی تائید کی رہی ہے ۔ ایسے وقت جب کہ ہندوستان دنیا میں ایک طاقتور جمہوری اور معاشی قوت بن کر ابھر رہا ہے۔ ہندوستان محض خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔
اس پر بحث کی جائے یا نہ کی جائے صرف ا س کا فیصلہ لینے ہمیں7دن لگ گئے ۔ آزاد نے یاد دلایا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے این ڈی اے دور حکومت میں اپنے دورہ شام کے موقع پر فلسطینی کاز کی بھرپور تائید کااعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مفادات مشرق وسطی سے جڑے ہوئے ہیں ۔ کیونکہ ہندوستانیوں کی دنیا بھر سے ہونے والی آمدنی کا نصف حصہ مشرق وسطیٰ سے آتا ہے ۔ ہندوستانی معیشت کے فروغ میں اس کا اہم رول ہے۔ سی پی آئی ایم سیتا رام یچوری نے اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطین میں ہونے والی نسل کشی کی مذمت کی اور اسرائیل سے تمام فوجی سازوسامان کی خرید و فروخت بند کردینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا ’’یہ انسانیت کے بالکل خلاف ہے ۔ ایک طرح کی نسل کشی ہے ۔ بین الاقوامی قانون کی پامالی پرہم خاموش نہیں رہ سکتے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس نسل کشی کاحصہ نہیں بن سکتا ۔ یہ لازماً رکنا چاہئے ۔ فلسطینیوں کو خود اپنی سر زمین پر رہنے بسنے کے قانونی حق سے محروم کردیا گیا ۔ یچوری نے کہا کہ فلسطین کی حکومت کو وہاں کے عوام نے منتخب کیا ہے ۔ ہمیں اس کا احترام کرنا چاہئے۔ ممالک کے درمیان جنگ ہوسکتی ہے لیکن کیا ہم ایک منتخب حکومت کے خلاف کچھ کہہ سکتے ہیں اور اس بنیادپر اس سے جنگ لڑ سکتے ہیں ۔ انہوں نے اسرائیل سے فلسطین کی تمام غیر قانونی مقبوضہ جائیدادوں کو آزاد کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جنتادل یو کے شرد یادو نے غزہ کی لڑائی کو غیر مساویانہ جنگ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ پوری دنیا ہے ۔

must stop purchasing arms from Israel -seetharam yechuri

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں