پی ٹی آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج عیدالفطر کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ تہوار پوری دنیا کے لئے ہندوستان میں ملی جلی تہذیب اور ہم آہنگی کا پیغام دے گا ۔ صدر جمہوریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں تمام ہم وطنوں بالخصوص ہندوستان اور بیرون ملک رہنے والے میرے مسلم بھائیوں اور بہنوں کو گرمجوشانہ مبارکباد دیتا ہوں۔ صدر جمہوریہ کے پیغام کو اردو، ہندی اور بنگلہ زبانوں میں بھی جاری کیا گیا ۔ اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن ، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ، چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ اور مختلف ریاستوں کے گورنرس اور چیف منسٹرس نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ اسپیکر لوک سبھا نے اپنے پیام میں کہا کہ عیدالفطر کے مبارک موقع پر میں تمام شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہوں ۔ یہ تہوار جو رمضان کے مبارک ماہ کے اختتام پر منایاجاتا ہے ۔ امن و ہم آہنگی کے اقدار کو مضبوط بناتا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے اس موقع پر ملک میں امن اور ہم آہنگی کے استحکام کی تمنا ظاہر کی ۔ ممتا بنرجی نے دعا کی کہ مسلمانوں اور ملک کے لئے یہ عید مسرت کا باعث ہو۔
نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے اہل وطن کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید اتحاد کی علامت ہے اور امن و آشتی ، محبت کا پیغام دیتی ہے ۔ نائب صدر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقدس رمضان کے مہینے اختتام کے موقع پر منائے جانے والے خوشیوں کے تہوار عیدالفطر پر میں اہل وطن کو دلی مبارکباد دیتا ہوں اور اللہ سے دعا گو ہوں کہ اس خوشگوار موقع پر سبھی کی زندگیوں میں خوشی اور سکون آئے ۔
دریں اثناء پڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر اے کے سنگھ اور وزیر اعلیٰ این رنگا سوامی نے آج عیدالفطر کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ سنگھ نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ یہ تیوہار لوگوں کے درمیان امن اور سکون کا پیغام دے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے بھی اس موقع پر لوگوں کو عید کی مبارکباد دی ہے ۔ دوسری جانب تملناڈو کے گورنر ڈاکٹر کے روسیا ہ، وزیر اعلیٰ جے للیتا اور مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ میں عید الفطر کے موقع پر تمام مسلم بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور محمد ؐ کی تعلیمات پر چلتے ہوئے سچائی کی زندگی جئیں اور ساتھ مل کر بہتر سماج قائم کریں ، جو محبت، ہمدردی اور سخاوت کے جذبات سے پر ہو۔ جے للیتا نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں عید کے اس مبارک موقع پر حضور محمدؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کا عہد کرنا ہوگا ، جنہوں نے امن اور بھائی چارہ کی تعلیم دی ہے ۔ ایم ڈی ایم کے کے جنرل سکریٹری وائکو ، پی ایم کے کے بانی ڈاکٹر ایس راما داس اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے بھی مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
various leaders congratulated indian Muslims on Eid alFitr
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں