دہلی کے بجٹ میں بجلی میں سبسیڈی ممکن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-06

دہلی کے بجٹ میں بجلی میں سبسیڈی ممکن

نئی دہلی
ایس این بی
دہلی سرکار کا بجٹ پارلیمنٹ کے ذریعہ پاس کیاجائے گا ۔ اس میں بجلی میں سبسڈی کے لئے تقریباً500کروڑ روپے کا التزام کیاجائے گا۔ اپریل میں پاس کئے گئے عبوری بجٹ کے ذریعہ دہلی کو ستمبر تک کے خرچ کے لئے بجٹ کا التزام کیا گیا تھا تب بجلی سبسڈی کے زمرے میں توانائی محکمہ کے669کروڑ روپے کی تجویز کو مسترد کردیا گیا تھا لیکن اب راجدھانی میں اسی ماہ بجلی کی شرح میں اضافہ ممکن ہے ۔ اس لئے سرکار سبسڈی دینے کا من بناچکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس زمرے میں تقریباً500کروڑ روپے کا التزام ہوگا تاکہ دہلی والوں کو تقریباً9ماہ تک بجلی بل پر رعایت مل سکے ۔ ابھی تک سبسڈی کاجو خاکہ تیار کیا جارہا ہے وہ سابقہ شیلا دکشت سرکار کے ذریعہ دیے جارہے ماڈل پر مبنی ہے ۔ سابقہ دکشت سرکار کے دوران صارفین کے ذریعہ 200یونٹ بجلی خرچ کرنے پر مقررہ بجلی کی شرح3.90پیسے ہے جس میں1.20پیسے فی یونٹ کی سبسڈی دی جاتی تھی اس کے علاوہ201سے400یونٹ تک بجلی کی مقررہ شرح 4.50روپے فی یونٹ ہے ۔ جس پر80پیسے فی یونٹ کی سبسڈی دی جاتی تھی اگر پارلیمنٹ کے ذریعہ سبسڈی کے لئے مقررہ رقم کو پاس کردیاجاتا ہے تو کنزیومر نظم کے مطابق ہی دہلی والوں کو بجلی بل میں رعایت ملے گی۔ بجلی محکمہ کو راجدھانی میں کئی گریڈ کو بہتر بنانا ہے ۔ جس سے بجلی کی تقسیم بہتر ہوسکے ۔ اس کے لئے توانائی محکمہ کے کئی پروجیکٹ ہیں اور محکمہ نے اس مقصد سے بجٹ میں زیادہ رقم الاٹ کرنے کی اپیل کی ہے ۔
ادھر ٹرانسپورٹ محکمہ کو بھی بجٹ میں زیادہ الاٹمنٹ کا امکان ہے ۔ دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو سردست1200بسوں کی ضرورت ہے ، جس میں300ایئرکنڈیشن لگژری بسیں بھی شامل ہیں جس کی قیمت تقریباً90لاکھ روپے فی بس ہے۔ اس بڑے منصوبہ کو دیکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ محکمہ کو بجٹ میں زیادہ الاٹمنٹ کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق فوڈ اور سپلائی محکمہ سے کچھ رقم کو ٹرانسپورٹ میں دیے جانے کا امکان ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دہلی سرکار کا کل بجٹ تقریباً36000کروڑ روپے مقرر تھا ۔ ستمبر تک کے خرچ کے18033کروڑ روپے کو منظوری دے دی گئی ہے ۔ بجٹ کے لئے جو بھی رقم سابقہ میں طے کی گئی ہے ۔ اس میں اضافہ نہیں ہوگا ۔ اس لئے دہلی سرکار کے افسران کسی محکمہ کی مقررہ رقم کو تھوڑا بڑھاسکتے ہیں یا تھوڑا کم کرسکتے ہیں لیکن کل رقم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگئی ۔ اس طرح ریوینیو محکمہ نے اپنے سبھی دفاتر کو مکمل طور پر کمپیوٹرائز کرنے کے لئے60کروڑ روپے الاٹ کرنے کی اپیل کی ہے لیکن دہلی سرکار کے ذریعہ بھیجے گئے بجٹ پر مرکزی وزیر برائے مالیات بھی غوروخوض کرے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں