نئی حکومت سیاسی انتقام کے ساتھ کام کر رہی ہے - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-11

نئی حکومت سیاسی انتقام کے ساتھ کام کر رہی ہے - ممتا بنرجی

کولکاتا
ایس این بی
جمعرات کو مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ عام بجٹ پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سخت تنقید کی ہے اور اپنے سرکاری فیس بک صفحہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت ایف ڈی آئی کی ، ایف ڈی آئی کے ذریعہ اور ایف ڈی آئی کے لئے حکومت بن کر رہ گئی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ نئی حکومت سیاسی انتقام کے جذبے کے ساتھ کام کررہی ہے اور بجٹ میں دور اندیشی کا فقدان ہے ۔ بجٹ کو عام لوگوں کے زاویہ سے دیکھا جائے تو یہ بے مقصد اور بے اثر ہے۔ اس سے غریبوں کی ترقی نہیں ہونے والی ۔ دونوں بجٹ میں بنگال اور دیگر ریاستوں کو محروم کیا گیا ہے۔ نئی حکومت نے صرف ایک سیاسی انتقام کے ساتھ کام شروع کردیا ہے ۔ کیونکہ صبح سے ہی دن کا پتہ چلتا ہے ۔
یاد رہے کہ مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی نے اپنے پہلے عام بجٹ میں کہا کہ حکومت نے انسورنش سیکٹر میں ایف ڈی آئی کی شراکت داری26فیصد سے بڑھا کر49فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ دفاعی شعبے میں شراکت داری بھی26فیصد سے بڑھا کر49فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ’’حکومت کے اقتدار میں آنے سے پہلے ہم نے ایک مضبوط اور متحرک ہندوستان کے بارے میں سناتھا ۔ ہم نے سوچا تھا کہ اسے اچھی حکمرانی فراہم کرنے کے لئے پیش کیاجائے گا۔ لیکن شروع سے ہی ہمیں مایوسی ہاتھ لگ رہی ہے ۔ دو بجٹوں کے ذریعہ نئی حکومت کے صرف ایک ہی مثبت علامت دکھائی دے رہی ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی طرف سے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے، غیر ملکی سرمایہ کاری کی حکومت بن چکی ہے۔ ایف ڈی آئی پہلے ہی خوردہ سیکٹر میں تو تھی ہی، اب دفاع اور انشورنس کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا49فیصد اضافہ کردیا گیا ۔اس کے علاوہ بینکاری کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کی حد49فیصد تک ہے ۔ ان تمام اقدامات سے ملک کے عوام پر منفی اثر پڑے گا ۔
مس بنرجی نے کہا کہ بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ ، پروگرام کے لئے سو کروڑ روپے کی معمولی رقم مختص کرنا، ایک مذاق ہے ۔ جبکہ ہم نے اپنی ریاست میں کنیا شری منصوبہ پہلی بار ایک ہزار کروڑ روپے کے ساتھ شروع کیا تھا ۔ یہ نہایت افسوسناک بات ہے کہ تمام ریاستوں اور مرکزی خطوں کے لئے بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ اسکیم سو کروڑ کی معمولی رقم کے ساتھ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ، کیا یہ مذاق نہیں ہے ۔
مس بنرجی نے چھ نئے ٹیکسٹائل گروپ میں مغربی بنگال کے حصہ دینے سے انکار پر تنقید کی اورکہا کہ اگرچہ، مغربی بنگال ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے بہت زیادہ صلاحیت رکھتا ہے ، اس کے باوجود بجٹ میں اعلان کردہ چھ نئے ٹیکسٹائل گروپ میں اسے کوئی جگہ نہیں دی گئی ہے ۔ مغربی بنگال ملک میں بھی سب سے زیادہ پھل اور سبزیاں پیدا کرنے والی ریاست ہے ۔ اس کے باوجود اسے باغبانی یونیورسٹی سے محروم رکھا گیا ہے۔

central Government is working with political vengeance - Mamata Banerjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں