پونے میں کم شدت کا بم دھماکہ - 2 افراد زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-11

پونے میں کم شدت کا بم دھماکہ - 2 افراد زخمی

پونے
پی ٹی آئی
پونے کی مرکزی علاقہ میں آج ایک پولیس اسٹیشن کے سامنے ایک بائیک کے ذریعہ اوسط شدت کے دھماکہ سے4افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک کانسٹبل شامل ہے ۔ جب کہ عہدیداروں نے اس واقعہ میں ایک دہشت گرد گروپ کے رول کے امکان کو مستردنہیں کیا ہے ۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے آج شام دھماکہ کے مقام کا دورہ کیا اور کہا کہ اے ٹی ایس اس معاملہ کی تحقیقات کرے گی ۔ پولیس نے بتایا کہ مصروف ترین بدھوار پیٹ علاقہ میں مشہور ڈی ایچ مندر کے قریب واقع فارس خانہ پولیس اسٹیشن کے پارکنٹ لاٹ پر آج دوپہر2:30بجے کم شدت کا ایک بم دھماکہ ہوا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اور بم ناکارہ کرنے والا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا ۔ فارنسک ماہرین نے علاقہ کوگھیر لیا اور وہاں سے ثبوت اکٹھا کرنے لگے ۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت بہتر ہے ۔ وہ زیادہ شدید زخمی نہیں ہوئے ۔ تاہم زخمیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ اعلیٰ پولیس اور اے پی ایس عہدیداروں نے حادثہ کے بارے میں کوئی تفصیل بتانے سے انکار کردیا ۔ پونے شہر 13فروری2010کو پہلی مرتبہ اس وقت دہشت گردوں کے نشانہ پر آیا تھا جب یہاں کی مشہور جرمن بیکری میں طاقتور دھماکہ کیا گیا جس میں17افراد ہلاک اور تقریباً60دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔
پونے میں ہوئے بم دھماکہ کے بعد اے ٹی ایس نے مشتبہ افراد کی ایک فہرست تیار کی ہے ۔ اے ٹی ایس سے ملی اطلاع کے مطابق پونے دھماکہ کے بعد سے ہی یہاں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پونے پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں دو مشکوک افراد نے موٹر سیکل پارک کی تھی اور پھر وہ یہ موٹر سائیکل یہاں چھوڑ کر چلے گئے ان دونوں مشکوک افراد سے بھی اے ٹی ایس نے تلاش شروع کردی ہے ۔ پونے اے ٹی ایس یونٹ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ صحیح سمت میں اس معاملے میں تفتیش کرے ۔ اے ٹی ایس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہلکے نوعیت کے بم دھماکہ کے پس پشت سناتن سنستھا اور ابھینو بھار اور دیگر ہندو شدت پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے ۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ اس بم دھماکہ میں موٹر سائیکل کا استعمال کر کے ہلکی نوعیت کا بم دھماکہ کیا گیا اس میں امونیم نائٹریٹ اور ریموٹ کنٹرول کا بھی استعمال کیا گیا۔ پونے میں اس سے قبل بھی ہلکی نوعیت کا بم دھماکہ جنگلی مہاراج روڈ پر ہوچکا ہے ۔اے ٹی ایس سے ملی اطلاع کے مطابق مہاراشٹر بھر میں بم دھماکوں کے خدشات کے پیش نظر چوکسی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ جون ، جولائی اور اگست میں اکثر مہاراشٹر اور ممبئی میں بم دھماکوں کا خطرہ رہتا ہے ۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ بم دھماکہ13جولائی کوہونے والا تھا لیکن13جولائی کو زیادہ احتیاط کے سبب تخریب پسندوں نے10جولائی کو ہی بم دھماکہ کردیا۔ ممبئی کے زاویری بازار ، اوپیرا ہاؤس ، دادر میں13جولائی کو بم دھماکہ ہوا تھا اس لئے اے ٹی ایس مزید چوکس ہوگئی ہے ۔، پونے میں ہوئے بم دھماکہ کے بعد ڈاگ اسکواڈ اور اے ٹی ایس کے دستہ نے یہاں سے اکٹھا کئے گئے ثبوت اور دھماکہ خیز مادے کے ذرات فارنسک جانچ کے لئے بھیج دئیے ہیں ۔ حقیقت کا پتہ چلانے پولیس زخمیوں سے بھی پوچھ تاچھ کرے گی۔ ان زخمیوں پر بھی شبہ کیاجارہا ہے کہ آیا یہی زخمی تو نہیں جو بم دھماکہ کرنے کے لئے آئے ہوں ۔ پولیس ہر پہلواور نکات سے تفتیش کررہی ہے فی الوقت اس معاملے میں اب تک پولیس کو کوئی اہم سراغ نہیں ملے ہیں ۔ اے ٹی ایس نے بتایا کہ اب تک بم دھماکہ کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے اس معاملے میں یہ معلوم کیاجارہا ہے کہ یہ بم دھماکہ کس نے کیا ہے اور اس کے پس پشت کیا مقاصد کارفرما تھے۔ چیف منسٹر مہاراشٹر پرتھوی راج چوہان نے ان دھماکوں کی اعلی سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکوں کے بعد انہوں نے پونے کمشنر ستیش ماتھورے سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس کے مطابق بم دھماکے ہلکی نوعیت کے تھے نیز ان دھماکوں میں جو موٹر سائیکل استعمال ہوئی ہے وہ چوری کی تھی۔

Low intensity blast in Pune, two injured

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں