مودی کے دست راست امیت شاہ بی جے پی کے نئے صدر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-10

مودی کے دست راست امیت شاہ بی جے پی کے نئے صدر

نئی دہلی
یو این آئی
نریندر مودی کے قریبی رفیق امیت شاہ نے آج بی جے پی کے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر س پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں شاہ کے نام کا اعلان کیا گیا ۔ پریس کانفرنس سے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ امیت شاہ کو پارٹی کا اگلا صدر بنایاجائے گا۔ شاہ سے قبل راج ناتھ سنگھ کی پارٹی کے صدر تھے جو ڈیڑھ سال تک اس عہدہ پر فائز رہے۔ گجرات کے سابق مملکتی وزیر داخلہ شاہ کو سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر کیس میں کلیدی ملزم کی حیثیت سے الزامات کا سامنا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں اتر پردیش میں80کے منجملہ71حلقوں پر پارٹی کو کامیابی دلانے میں ان کا اہم رول سمجھاجاتا ہے اور پارٹی صدارت کا عہدہ اس کاوش کے لئے ان کو ایک تحفہ ہے ۔ قبل ازیں بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نریندر مودی ، ایل کے اڈوانی ، مرلی منوہر جوشی ، ایم وینکیا نائیڈو ، نتن گڈ کری اور سشما سوراج نے شرکت کی ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی جنہیں لوک سبھا میں ماقبل بجٹ معاشری سروے پیش کرنا تھا اجلاس میں شریک نہ ہوسکے لیکن بعد میں پریس کانفرنس میں شریک ہوئے جہاں شاہ کے نام کا اعلان کیا گیا ۔ شاہ نے اس موقع پر صحافیوں کے متعدد سوالات کے جواب میں کہا ’’میں بعد میں بات کروں گا‘‘۔ راج ناتھ سنگھ نے ایک شخص ، ایک عہدہ کے اصول کے تحت مرکزی کابینہ میں جگہ ملنے کے بعد پارٹی صدارت کا عہدہ چھوڑ دیا ۔50سالہ شاہ کے انتخاب کے بعد توقع ہے کہ پارٹی میں بڑے پیمانے پر تنظیمی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ بی جے پی کی نظریاتی سرپرست آر ایس ایس بھی چاہتی ہے کہ تشکیل حکومت کے بعد بی جے پی کمزور نہ پڑنے پائے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں