تلگو دیشم پارٹی و قائدین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ - وائی ایس آر کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-10

تلگو دیشم پارٹی و قائدین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ - وائی ایس آر کانگریس

حیدرآباد
یو این آئی
وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آج ریاستی الیکشن کمشنر رما کانت ریڈی سے درخواست کی کہ وہ تلگو دیشم پارٹی اور اس کے قائدین کے خلاف سخت کارروائی کرے کیونکہ انہوں نے ریاست کی بلدیات اور منڈل پر یشد وضلع پریشد کے صدور نشین کے حالیہ انتخابات میں غیر جمہوری اقدامات کرتے ہوئے دستور کی خلاف ورزی کی ہے ۔ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے الیکشن کمشنر کو روانہ کردہ اپنے ایک مکتوب میں الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم پارٹی قائدین نے سینئر عہدیداران کے برسر عام تعاون کے ذریعہ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کیا اور بلدیات ،ضلع پریشد و منڈل پریشد کے صدور نشین کے حالیہ انتخابات میں غیر جمہوری سرگرمیوں میں ملوث رہے تاکہ بلدیات، منڈل پریشد اور ضلع پریشد میں غلبہ حاصل کرتے ہوئے زبردستی اپنا کنٹرول برقرار رکھا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ایسی جگہ کیے گئے جہاں حکمراں جماعت واضح طور پر اقلیت میں تھی ۔ جگن نے الزام عائد کیا کہ ضلع کرنول کے عہدیداروں نے تلگو دیشم کے ایجنٹوں کی حیثیت سے کام کیا ۔ کرنول ضلع پریشد صدر نشین کے انتخاب کے دوران ووٹنگ ہال کے اطراف غیر قانونی طور پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان کو اغوا بھی کیا گیا اور تلگو دیشم قائدین نے انہیں دھمکیاں بھی دیں۔ ضلع نیلور میں ضلع پریشد صدر نشین کے انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان کو دن دھاڑے جان سے مار ڈالنے کی دھمکیاں دی گئیں جس کے نتیجہ میں افراتفری پھیل گئی اور انتخابات ملتوی کرنے پڑے ۔ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ چند اضلاع کے ضلع کلکٹرس اور ایس پی جیسے اعلی تربہ کے عہدیداروں نے اس وقت خاموشی اختایر کرلی جب تلگو دیشم کے ورکرس اور قائدین اپوزیشن کے بنچوں میں گھس پڑے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان کو ان کے بنچوں سے کھینچ کر اٹھادیا حالانکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان نے مزاحمت بھی کی تھی ۔ جگن نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ مجالس مقامی اور شہری اداروں کے انتخابات پارٹیوں کے انتخابی نشان پر منعقد ہوتے ہیں اور یہ بات ہر کوئی بشمول انتخابہ عہدیدار بھی جانتے ہیں کہ کون سا رکن کون سی جماعت سے تعلق رکھتا ہے ۔ اس کے باوجود تلگو دیشم قائدین کے غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات نے جمہوریت کا مذاق اڑا کر رکھ دیا ہے ۔ سرکاری عہدیداروں کا تلگو دیشم قائدین سے ہاتھ ملا لینا اور بھی افسوسناک ہے ۔ اس طرح تلگو دیشم نے سرکاری مشنری کو ساتھ لے کر جمہوریت کا مضحکہ اڑایا ہے ۔ بلدی صدور نشین اور منڈل صدور نشین کے انتخابات میں انتخابی عہدیداروں کا رویہ بھی ایسا ہی رہا۔ مجالس مقامی کے انتخابات میں غیر جمہوری واقعات کے پیش نظر جگن نے ریاستی الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضلع نیلور اور پرکاشم کے انتخابات کے جمہوری و منصفانہ انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے اپنے مبصرین کا تقرر کریں۔ انہوں نے ضلع کلکٹر س اور ایس پیز کے بشمول سرکاری عہدیداروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے تلگو دیشم قائدین و کارکنوں کو آزادانہ طور پر اپنی غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھنے کا موقع دیا جس کے نتیجہ میں بڑے پیمانے پر انحراف عمل میں آیا۔

YSRCP demand strict action against Telugu Desam Party leaders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں