امریکہ ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے پرجوش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-05

امریکہ ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے پرجوش

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکی وائٹ ہاؤز کے ایک سرکردہ عہدیدار نے کہا کہ واشنگٹن ہندوستان کی نئی حکومت کے تحت ہند۔ امریکہ تعلقات میں نئی روح پھونکے جانے کے بعدکافی پرجوش ہے اور صدر بارک اوباما اور وزیر اعظم نریندر مودی کی مجوزہ ملاقات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ جب اوباما مودی سے ملاقات کریں گے تب معیشت و تجارت ، توانائی ، ماحولیاتی تبدیلی ، علاقائی سلامتی ، دہشت گردی کا مقابلہ اور ایشیاء کی صورتحال جیسے موضوعات زیر گفتگو آئیں گے ۔ اس کے علاوہ دونوں لیڈرس کو اس ملاقات کے ذریعہ آنے والے برسوں کے دوران باہمی طور پر ایک دوسرے کے تعلقات کو مستحکم کرنے کا موقع بھی ملے گا ۔ ڈپٹی قومی سلامتی کے مشیر بن روڈس نے کل ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اوباما کے قریبی معاون نے کہا کہ وائٹ ہاؤز ہند۔ امریکہ تعلقات میں نئی روح پھونکے جانے کا بے چینی سے منتظر ہے ۔ بہر حال مودی ۔ اوباما ملاقات کے لئے ہنوز کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی ایک طاقتور وزیر اعظم ہیں اور اس عہدہ پر نئے ہیں، وہ کافی پرعزم ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ یہ صورتحال کافی مدد گار ثابت ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مودی حکومت بہت زیادہ توانائی کے ساتھ اقتدار میں آئی ، اسے عوام کا بھرپور تعاون ملا ہم اوباما نظم و نسق بھی مودی کی انتخابی مہم سے متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہندوستانی معیشت میں سدھار لانے کے خواہاں ہیں ۔ اور یہ صورتحال ہمارے لئے خوش آئند ہے ، ہم اس سلسلہ میں مودی کی پوری حمایت کریں گے۔ اس سے امریکہ کا بھی فائدہ ہوگا۔

US looking at `reinvigorating` India-US relationship: Rhodes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں