میانمار میں کرفیو میں نرمی 5 مسلمان گرفتار حالات پر امن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-05

میانمار میں کرفیو میں نرمی 5 مسلمان گرفتار حالات پر امن

منڈالے؍یانگون
یو این آئی؍رائٹر
میانمارکے دوسرے سب سے بڑے شہر منڈالے میں پولیس نے بتایا کہ یہاں پچھلی دو راتوں کے دوران ہوئے فسادات کے سلسلہ میں مزید5مشتبہ افرادکو گرفتار کرلیا گیا ۔ ان فسادات میں دو افراد بشمول ایک مسلمان ہلاک ہوگیا ۔ پرتشدد واقعات کا سلسلہ منگل کو اس وقت شروع ہوا تھا جب تقریباً300بدھسٹوں نے ایک بدھسٹ خاتون کی آبروریزی کی افواہ پر ایک مسلمان کی دکان کو نشانہ بنایا ۔ اسی دوران منڈالے کی ایک بڑی مسجد کے امام کے رائٹر نے بتایا کہ جن پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا وہ تمام مسلمانہیں ۔ پولیس نے ان افراد کے مکانات کی تلاشی لی جہاں انہیں چاقو دستیاب ہوئے۔ بہرحال امام نے کہا کہ متذکرہ افراد نے کسی قسم کے قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔ ایک پولیس آفیسر نے گرفتاریوں کی توثیق کی تاہم مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ میڈیا سے بات کرنے کا مجاز نہیں ہے ۔ اسی دوران فسادات میں مختلف مقامات پر ہلاک ہوئے دو افراد کے افراد خاندان اور دوستوں نے کہا کہ دونوں متوفی فسادات میں شامل نہیں تھے ۔ پولیس کے مطابق فسادات میں14افراد زخمی ہوئے جب کہ اس سلسلہ میں چار افراد کو چہار شنبہ کو گرفتار کیا گیا ۔ اسی دوران شہر منڈالے میں بدھ اور مسلمانوں کے درمیان ہونے والے فساد میں دو افراد کی ہلاکت کے بعد کرفیو میں نرمی دی گئی اور آج صبح سے شہر میں پرسکون ماحول ہے۔ شہر میں فساد کے بعد انتظامیہ کرفیو نافذ کردیا تھا ۔ تشدد کے دوران دو افراد ہلاک ہوگئے جب کہ14دیگر زخمی ہوگئے ۔ دو سال پہلے ملک میں بدھ اور روہنگیا مسلمانوں کے درمیان فسادات برپا ہوئے تھے اور انتظامیہ کو لگتا ہے کہ بروقت ان پر قابو نہیں پائے گئے تو صورت بگڑ سکتی ہے ۔شہر میں صبح سے صورتحال پر امن بتائی جارہی ہے ۔ جب کہ مسلمانوں نے کہا کہ وہ دن میں سکون کے ساتھ نماز ادا کرسکتے ہیں ۔ فسادیوں نے ایک مسجد میں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد اقلیتوں کے کئی مکانات اور دکانات میں آگ لگا دی تھی۔ میانمار میں2012کے بعد پہلی بار فساد ہوا ہے ۔ پچھلی مرتبہ کئی لوگ مارے گئے تھے اور بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوگئے تھے ۔

Myanmar's Mandalay Tense but Under Control

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں