ملایشیائی مسافر بردار طیارہ - اقوام متحدہ میں حادثہ سے متعلق قرار داد منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-23

ملایشیائی مسافر بردار طیارہ - اقوام متحدہ میں حادثہ سے متعلق قرار داد منظور

اقوام متحدہ
پی ٹی آئی
اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل نے مکمل اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں یوکرین میں ملائشیا کے مسافر بردار طیارہ کے مار گرانے کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ۔ مطالبات کی فہرست میں یہ بھی شامل ہے کہ سطح گروپس کی جانب سے تحقیقات کاروں کو مقام حادثہ تک مکمل اور غیر محدود رسائی کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔15ممالک پر مشتمل کونسل نے آسٹریلیا کی مرتب کردہ قرار اداد کو منظور کرتے ہوئے17جولائی کو ایم ایچ17کا مار گرائے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ یوکرین کے مشرقی علاقہ میں اس حادثہ میں298افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ روس کونسل کے مسقل ارکان میں شامل ہے اور اسے ویٹو کااختیار حاصل ہے تاہم طویل تبادلہ خیال اور مسودہ میں بعض ترامیم کے بعد اس نے بھی قرارداد کی تائید کی ۔ ترامیم میں واقعہ کا تذکرہ گولی مار کر گرانے کے بجائے مار گرانے کی اصطلاح بھی شامل ہے ۔ قرارداد میں بین الاقوامی شہری ہوا بازی رہنمایانہ خطوط کے مطابق اس واقعہ کی مکمل تفصیلی اور آزادانہ تحقیقات کی حمایت کی گئی ۔ مقام حادثہ تک محدود اور ناکافی رسائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ مسلح گروپس جنہیں مقام حادثہ اور گردونواح کے علاقوں پر کنٹرول حاصل ہے ۔ا یسی تمام حرکتوں اور سرگرمیوں سے باز رہیں جس سے مقام حادثہ کی سالمیت متاثر ہوتی ہو۔ قرار داد میں متاثرین کی نعشوں کو پروقار اور مکمل احترام اور پیشہ وارانہ انداز کی منتقلی کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
مطالبات کی فہرست میں مسلح گروپس سے مقام حادثہ اور گردونواح کے علاقوں میں فوجی کارروائیاں فوراً بند کرنے کی شرط بھی شامل ہے تاکہ بین الاقوامی تحقیقات کا روں کو سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے ۔حملہ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے اورتمام ممالک سے احتساب کے عمل میں تعاون کا مطابلہ بھی کیا گیا ۔ اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندہ ویٹالی چرکن نے بتایا کہ انہوں نے قرارداد کے حق و تائید میں ووٹ ڈالا کیونکہ وہ واقعہ کی تیز تر اور مکمل تحقیقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ روس اس حوالہ سے پہلے ہی سے تعاون کررہا ہے حتی کہ اس نے ماہر تحقیقات کار فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے ۔ چرکن نے کہاکہ حقائق کے تمام پہلوؤں کو اجاگر کیاجائے اور تحقیقات کاروں کو فراہم کردہ بلیک باکس میں ریکارڈس کو پوشیدہ نہ رکھا جائے ۔ قرار داد کی منظوری کے بعد اپنی ووٹنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں یوکرین کے نمائندہ پوری سرجیفیف نے بعض ثبوتوں کے حوالہ سے کہا کہ مسلح گروپس متاثرین کے تمام سامان( بیگیج) گاڑیوں میں لاد کر لے گئے اور مقام واقعہ پر ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی کی ۔ انہوں نے علیحدگی پسندوں پر بیک وقت3جرائم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے وضاحت کی کہ طیارہ کو مارگرانا نعشوں کی بے حرمتی اور تحقیقات کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنا شامل ہے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان گروپس کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیاجائے ۔ دریں اثناء آسٹریلیائی وزیر اعظم ٹونی ایبوٹ نے مقام حادثہ پر صنعتی پیمانہ پر ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی ویژن فوٹیج کی حالیہ نمائش سے صاف ظاہر ہے کہ جرم کی پردہ پوشی کے بعد تحقیقات میں دشواریاں یقینی طور پر پیدا ہوں گی اور یہ عمل طول پکڑے گا ۔ ثبوت مٹانے کا عمل اور ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا سلسلہ فوراً بند ہونا چاہئے ۔

UN Security Council mulls resolution on Malaysia Airlines flight MH17 crash site access

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں