صفدر ناگوری سمیت سیمی کے 5 ارکان بری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-04

صفدر ناگوری سمیت سیمی کے 5 ارکان بری

راج گڑھ؍کولکاتا
پی ٹی آئی؍ یو این آئی
مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے نرسنگ گڑھ میں ایک عدالت نے صفدر ناگوری سمیت اسٹوڈنٹ اسلامی موومنٹ آف انڈیا( سیمی) کے5ارکان کو نرسنگ گڑھ شہر اور ارد گرد کے دیہات میں6سال پہلے فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کے معاملے میں کل بری کردیا۔ نرسنگ گڑھ کے ایڈیشنل سیشن جج ڈی کے ناگلے نے گزشتہ روز اپنے ایک فیصلے میں سیمی کے کارکنان صفدرناگوری ، عامل پرویز ، شبلی، محمد علی اور قمرالدین کو نرسنگ گڑھ شہر اور ارد گرد کے دیہات میں2008میں فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کے معاملے میں بری کردیا ہے ۔
پولیس نے ان پانچوں سیمی ارکان کے خلاف ماحول خراب کرنے اور مختلف طبقوں کے درمیان نفرت پھیلانے کے الزامات لگائے تھے لیکن نرسنگ گڑھ کے ایڈیشنل سیشن کورٹ میں پیشی اور سماعت کے دوران8میں سے کسی بھی گواہ کی طرف سے ان کے خلاف بیان نہ دییے جانے کے وجہ سے عدالت نے انہیں بری کردیا۔ پبلک پراسکیوٹر دنیش شرما نے بتایا کہ استغاثہ نے اس معاملے میں8لوگوں کو گواہ بنایا تھا ۔ شرما نے کہا کہ مبینہ طور پر ان لوگوں پر الزام تھا کہ انہوں نے نرسنگ گڑھ شہر اور ارد گرد کے دیہات میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو طول دینے کیلئے میٹنگیں کی تھیں ۔ لیکن سماعت کے دوران گواہوں نے اس طرح کی کسی بھی معلومات سے انکار کردیا ۔ سیمی کے پانچوں ارکان نرسنگ گڑھ شہر اور ارد گرد کے دیہات میں سال2008کے دوران میٹنگ منعقد کر کے فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کا الزام تھا اور مختلف دفعات میں عدالت میں معاملہ چل رہاتھا ۔ اس معاملے میں ایک دیگر ملزم کرناٹک جیل میں بند محمد حافظ کے معاملے میں فیصلہ ابھی نہیں سنایا گیا ہے ۔
دوسری جانب انڈین مجاہدین کے مبینہ دہشت گرد زاہدحسین جسے کل شام پولیس نے دھماکہ خیز اشیاء کے ساتھ گرفتار کیا تھا ، کو آج شہر کی ایک عدالت نے ایس ٹی ایف کو14دنوں کی ریمانڈ پر دے دیا ہے ۔ زاہد حسین کے بارے میں کہاجارہا ہے وہ گرفتار یایسین بھٹکل کا قریبی ہے ۔ زاہد حسین کو کلکتہ اسٹیشن سے کلکتہ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف)نے خفیہ رپورٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا تھا ۔ ایس ٹی ایف آفیسر نے آج کہا کہ زاہد حسین بنگلہ دیشی شہری ہے ۔ وہ ہندوستان میں انڈین مجاہدین لیڈروں کا مین چینل ہے۔ زاہد آئی ایم کا شریک فاؤنڈر ہے اور اس کے پاس سے پولیس نے دھماکہ خیز اشیاء کے علاوہ اے کے47اور 15لاکھ روپیہ نقد برآمد کیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ زاہد حسین ہندوستان میں انڈین مجاہدین کے تمام سینئر لیڈروں کے رابطے میں تھا اور انہیں جعلی کرنسی اور دھماکہ خیز اشیا مہیا کراتا تھا ۔ ایس ٹی ایف کے مطابق زاہد حسین جرمن بیکری پونے بلاسٹ معاملہ میں بھی ملوث ہے۔ پونے میں 14فروری2010میں دھماکہ ہوا تھا جس میں17افراد کی موت ہوئی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ14دن کے ریمانڈ کے دوران پولیس ایم آئی اور اس کی سازشوں کے معاملہ میں جاننے کی کوشش کرے گی ۔ بنگ شال کورٹ کے جج نے16جولائی تک زاہدحسین کو ریمانڈ پر دیا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں