حیدرآباد میں ماہ مقدس رمضان المبارک کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-01

حیدرآباد میں ماہ مقدس رمضان المبارک کا آغاز

حیدرآباد
آئی اے این ایس
مسلمانوں کے ماہ مقد س رمضان کا آج آغاز ہوگیا ۔ جب کہ لاکھوں مسلمانوں نے آج پہلا روزہ رکھا اور پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ افطار کیا۔ دراصل کل شام چاند نظر آتے ہی رمضان کی مبارک ساعتوں کاآغاز عمل میں گیا ۔ رویت ہلال کمیٹی نے جو اسلامی اسکالرس پر مشتمل ہے ، اتوار کی شام چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ نماز مغرب کے فوری بعد شہر کی سینکڑوں مساجد سے سائرن گونج اٹھے جو چاند نظر آنے کے اعلان کے طور پر بجائے جاتے ہیں ۔ پیر کی علی الصباح مسلمانوں نے سحری کھائی اور پہلا روزہ رکھا۔ مسلمانوں کی گنجان آبادی پر مشتمل پرانا شہر حیدرآباد اور کئی پڑوسی علاقوں میں رمضان کی گہما گہمی اتوار کی صبح سے ہی شروع ہوگئی تھی ۔ شام میں ہزاروں مسلمانوں نے مساجد کا رخ کیا جہاں نماز عشاء کے بعد تراویح کی نماز بھی ادا کی گئی ۔ تمام مہینہ یہ نماز اد کی جاتی ہے جس کے دوران کم از کم ایک قرآن کادور مکمل کیاجاتا ہے ۔ حیدرآبا د میں تقریباً50لاکھ مسلمانوں کی آبادی ہے۔ بچے، بڑے اور ضعیف افراد ساتھ ستھرے کپڑے پہنے اور سرون پر ٹوپیاں لگائے جوق در جوق مساجد کی طرف روانہ ہوئے ۔ چار مینار کے قریب تاریخی مکہ مسجد میں مسلمانوں کاسب سے بڑا اجتماع دیکھا گیا ۔ کئی مساجد اور فنکشن ہالس میں تراویح کی نماز پڑھنے خواتین کے لئے بھی خصوصی انتظامات روبہ عمل لائے گئے۔ رات دیر گئے تک بھی اشیائے خورد ونوش کی خریدی کی گئی۔ چند لوگوں کو عید کی شاپنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا کیونکہ وہ آنے والے دنوں میں ہجوم سے محفوظ رہنا چاہتے تھے ۔ ایک تاجر سید خلیل نے بتایا کہ ہم رمضان کے آغاز سے پہلے ہی عید کی شاپنگ پوری کرلیتے ہیں تاکہ ماہ صیام کے دوران زیادہ سے زیادہ توجہ اور وقت صرف کیاجاسکے ۔ مسلم تہذیبی ورثے کے حامل تاریخی شہر حیدرآباد میں رمضان کے دوران ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے قدیم زمانہ لوٹ آیا ہو۔ ہر ہوٹل میں رمضان کی خصوصی ڈش حلیم کی فروخت عمل میں آتی ہے ۔ عوام کی اکثریت دن بھر کے روزہ کے بعد افطار کے بعد حلیم نوش کرنے کوترجیح دیتی ہے ۔ پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے علاقوں نامپلی ، مہدی، پٹنم ، ٹولی چوکی ، مانصاب ٹینک اور دیگرمقامات پر زبردست کاروبار ہوتا ہے ۔ پورا مہینہ بے نظٰیر تجارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہوتی ہیں ۔ روزانہ کھجوروں اورپھلوں کے کئی ٹرکس فروخت ہوجاتے ہیں۔ رمضان کے دوران پرانا شہر ایسا لگتا ہے سوتا نہیں اور صبح کے اوقات تک شاپنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ نئی تشکیل شدہ حکومت تلنگانہ نے رمضان کے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ حکومت کے تحت ہیں اور حکام نے مصلیان کی سہولت کے لئے تمام ضروری انتظامات روبہ عمل لائے ہیں۔ حکومت نے سرکاری دفاتر میں ملازم مسلمانوں کو شام 4بجے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے رات کے اوقات میں بلا رکاوٹ برقی سربراہی کو یقینی بنانے محکمہ برقی کو ہدایت دی ہے ۔ پولیس نے ہوٹلوں اور دکانات کو رات دیر گئے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی ہے ۔ رمضان کے ساتھ ساتھ بونال کے لئے بھی وسیع تر سیکوریٹی انتظامات روبہ عمل لائے گئے ہیں تاکہ نظم و ضبط اور امن کی برقراری کو یقینی بنایاجاسکے ۔ سٹی پولیس کمشنر مہندر ریڈی نے بتایا کہ شہر بھر میں13ہزار پولیس جوان تعینات ہیں جن میں نیم فوجی فورسیس کی 40کمپنیاں شامل ہیں۔

Holy month Ramadan started in Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں