مذہبی کتب کی بے حرمتی کے خلاف سری نگر میں ہڑتال اور احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-13

مذہبی کتب کی بے حرمتی کے خلاف سری نگر میں ہڑتال اور احتجاج

سری نگر
یو این آئی
سرینگر سیول لائنز کے علاقوں میں آج سیکوریٹی فورسز کی جانب سے مذہبی کتب کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف ہڑتال اور احتجاج کیا گیا ۔ ہڑتال کی وجہ سیول لائنز علاقوں میں معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے۔ یاد رہے پولیس نے کل جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے لال چوک مارچ کو چیرمین محمد یسین ملک اور دیگر کئی لیڈران کی گرفتاری عمل میں لاکر ناکام بنادیا تھا ۔ فرنٹ کے لیڈر ان کی گرفتاری کے بعد پولیس کو اس وقت لاٹھی چارج کا استعمال کرنا پڑا تھا جب جے کے ایل ایف حامیوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا تھا۔ مقامی افراد نے الزام عائد کیا کہ کل نماز جمعہ کے بعد مظاہرین اور سیکوریٹی فورسز کے درمیان تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز نے مدینہ چوک میں زیر تعمیر مسجد کے پاس مذہبی کتب کی بے حرمتی کی۔ مقامی افراد کے مطابق سیکورٹی فورسز نے مذہبی کتابوں کو سڑک پر پھینک دیا۔ آج مقامی تاجروں کے کہنے پر مبینہ بے حرمتی کے خلاف مائسمہ ، گاؤ کدل، مدینہ چوک ، ریڈ کراس روڈ، ایکسچینج روڈ، حاجی مسجد اور بڈشاہ چوک میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے ۔ مائسمہ اور حاجی مسجد کے راستوں پر ٹریفک متاثر رہی اور ان راستوں کے ٹریفک کو مولانا آزاد روڈ کی طرف موڑ دیا جارہا تھا ، جس کے نتیجے میں سیول لائنز علاقوں میں بدترین ٹریفک جام دیکھا گیا ۔ تاہم تاریخی لال چوک میں تجارتی سرگرمیاں معمول سے جاری رہیں ۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ کل نماز جمعہ کی ادائیگی کے فوراً بعد جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے کارکنوں نے تاریخی لال چوک کی طرف پیش قدمی شروع کی تھی۔


Protests held in Srinagar against desecration act

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں