مرادآباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو بی جے پی رہنما کی کھلی دھمکی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-13

مرادآباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو بی جے پی رہنما کی کھلی دھمکی

مرادآباد
ایس این بی
بی جے پی کے صوبائی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران مرادآباد کے ایس ایس پی دھرم ویر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کھلے عام دھمکی دی ۔ بی جے پی صدر نے ایس ایس پی کو سماجوادی پارٹی کا ایجنٹ قرار دیا۔ یہاں ہوٹل گرانڈ سائیں میں منعقدہ پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک ناگن ہے اور اس نے ناگن کی طرح مرادآباد کے ایس ایس پی دھرم ویر کو اپنی آنکھوں میں اتار لیا ہے اور اسے ڈسے بغیر نہیں چھوڑے گی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایس ایس پی دھرم ویر سماجوادی پارٹی کے ایجنٹ کی شکل میں کام کر کے بی جے پی کارکنان کا مبینہ استحصال کررہے ہیں۔ بی جے پی کارکنان کو کانٹھ واقعہ میں چھوٹے مقدمات درج کرکے جیل میں ڈال دیا گیا ہے جس کے خلاف بی جے پی نے پورے اتر پردیش میں بڑے پیمانے پر تحریک چلانے کا پروگرام مرتب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی اکھلیش یادو کو چاہئے کہ وہ مرادآباد کے ایس ایس پی دھرم ویرکو ہٹا کر انہیں اپنے حفاظتی دستہ میں شامل کریں اور مرادآباد میں کسی دوسرے افسر کو ایس ایس پی مقرر کیاجائے ورنہ بی جے پی نے ناگن کی طرح ایس ایس پی کو اپنی آنکھوں میں اتار لیا ہے اور جب بھی موقع ملا تو ڈس بھی لے گی ۔
غور طلب ہے کہ اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں کانٹھ علاقے کے اکبر پور چندیری گاؤں کے واقعہ پر15دن بعد بھی بی جے پی کے تیور چڑھے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ ورون گاندھی نے کل اور ریاستی صدر لکشمی کانت باجپئی نے ہفتہ کو مرادآباد کا دورہ کیا تھا۔ انتظامیہ نے حالانکہ دونوں کو گاؤں مین جانے کی اجازت نہیں دی لیکن ان لوگوں نے جیل میں بند لوگوں سے ملاقاتیں کیں ۔ مرادآباد پہنچ کر ڈاکٹر باجپئی نے تحریک شروع کرنے کی وارننگ دی اور کہا کہ15جولائی کو ڈویژنل کمشنر کے دفتر پر دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کسی قدر تلخ لہجے میں کہا کہ مرادآباد کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بی جے پی کارکنوں کی بے عزتی کی ہے ۔ اس بے عزتی کا بدلہ جمہوری طور پر ضرور لیا جائے گا۔ انہوں نے اکھلیش یادو حکومت پر ایک خاص طبقہ کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا اور کہا کہ مرادآباد کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) انتظامیہ کے بجائے سماجوادی پارٹی کی زبان بول رہے ہیں۔
ہفتہ کو یوپی کے کابینہ وزیر اعظم خان نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اچھے دن آگئے ہیں ۔ آپ زبان کاٹ لیں، ہاتھ پیر کاٹ لیں ، لیکن قانون آپ کا کچھ کچھ نہیں بگاڑ پائے گا ۔ یوپی کے ریاستی کابینہ وزیر شیوپال یادو نے کہا کہ بی جے پی کا کام فرقہ پرستی کو پھیلانا ہے ۔ ریاستی بی جے پی صدر لکشمی کانت باجپئی بھی وہی کام کررہے ہیں۔ اتر پردیش سرکار کسی بھی قیمت پر قانون و انتظام بگڑنے نہیں دے گی ۔ بی جے پی نے اگر قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا تو سختی سے نمٹا جائے گا۔

BJP leader threatened Moradabad SSP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں