دنیا کے کئی ایرپورٹس پر دہشت گرد حملہ کا خطرہ - امریکہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-05

دنیا کے کئی ایرپورٹس پر دہشت گرد حملہ کا خطرہ - امریکہ

نیویارک
یو این آئی؍ رائٹر
دہشت گردی کے امکانی خطرات کے پیش نظر امریکہ نے دنیا کے زائد از ایک درجن سے بین الاقوامی ایرپورٹس کی حفاظت کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔ رائٹر کے مطابق الجیریا میں امریکی سفارتخانہ نے خبر دارکیا ہے کہ دہشت گردگروپ الجیریا ئی دارالحکومت میں ایک امریکی برانڈ یڈ ہوٹل کے قریب تخریبی کارروائی کرسکتے ہیں ۔ امریکی سفارتخانہ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں سفارتخانہ کے ملازمین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ آج امریکی یوم آزادی اور5جولائی کو الجیریا کے یوم آزادی کے موقع پر امریکی ہوٹلوں میں جانے سے گریز کریں۔ ایجنسی کے مطابق جمعرات کو یوگانڈا میں موجو د امریکی سفارتخانہ کی طرف سے کمپالا کے قریب اینٹیبی انٹر نیشنل ایرپورٹ کو نامعلوم دہشت گرد گروپ کی جانب سے حملہ کا نشانہ بنائے جانے کے تعلق سے بھی خبردار کیا گیا تھا۔ خبروں کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے یہ بھی وارننگ دی ہے کہ دہشت گرد ان ایر پورٹس کو اپنے مغربی نشانوں پر حملہ کے لئے بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔ اس وارننگ کے بعد متعلقہ حکام ان ایر پورٹس پر سیکوریٹی کو مزید سخت کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ امریکی میڈیا کے حوالہ سے بتایا گیا ہیکہ اس فہرست میں مشرق وسطی ، یوروپ اور آفریقہ کے ایر پورٹس شامل ہیں ۔ بعض خبرں میں یہ بھی بتایا گیا کہ ابو ظہبی ایر پورٹ پر جہاں امریکہ کی جانب سے ہندوستانی اور پاکستانی مسافروں کے لئے پہلے ہی خصوصی کاؤنٹر قائم ہے، دھماکہ خیز مواد کی اسکریننگ کے لئے بھی اضافی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ امریکی جاسوس اداروں کے مطابق دہشت گرد طیاروں کے ذریعہ دیسی ساختہ بم لانے کا منصوبہ بنارہے ہیں ۔ جس کے بعد ایر پورٹس پر سیکوریٹی کے اقدامات بڑھانے کا انتباہ جاری کیاگیا ہے ۔ امریکی حکام کے مطابق ممکنہ حملوں کے خطرہ کے پیش نظر بیرون ممالک سے آنے والی پروازوں کی اسکریننگ کو سخت کردیا گیا ہے ۔ فرانس نے بھی امریکی درخواست پر اپنے ایر پورٹس پرسیکوریٹی مزید سخت کردی ہے ۔

US terror warning puts airports worldwide on alert

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں