میدک بس حادثہ - 7 طلبہ کی حالت ہنوز تشویشناک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-27

میدک بس حادثہ - 7 طلبہ کی حالت ہنوز تشویشناک

حیدرآباد
پی ٹی آئی
تلنگانہ کے ضلع میدک کے مسائی پیٹ میں اسکول بس اور ٹرین کی ٹکر کے واقعہ میں زخمی طلبہ میں سے سات کی حالت ہنوز تشویشناک ہے ۔ حیدرآبا د کے یشودھا ہسپتال کے ڈاکٹروں نے آج صبح ان طلبہ کی صحت کے بارے میں ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اس اسپتال میں20بچے زیر علاج ہیں جن میں15کی حالت مستحکم ہے تاہم چار کی حالت انتہائی تشویشناک اور تین کی حالت تشویشناک ہے ۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ بعض طلبہ وینٹی لیٹر اور آئی سی یو میں ہیں۔ ان طلبہ کے ساتھ ان کے والدین بھی ہیں۔ جن طلبہ کی حالت تشویشناک ہے ان کی شناخت ویشنوی ، شیوا کمار ، سندیپ کروناکر اور ورون گوڑے کے طور پر کی گئی یہ۔ ڈاکٹروں نے کہا جن پندرہ طلبہ کی حالت مستحکم ہے ان کو جلد ہی جنرل وارڈ میں شفٹ کردیاجائے گا۔ اسی دوران اس واقعہ سے صدر سے دوچار ناندیڑ ایکسپریس ٹرین کے ڈرائیور نے کہا کہ بس ڈرائیور کی لاپرواہی کی سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ اس بس کو ناندیڑ ایکسپریس ٹرین نے ٹکر دے دی تھی ۔ اس واقعہ کے بعد ٹرین کا ڈرائیور صدمہ سے دوچار ہے جسے لالہ پیٹ کے ریلوے اسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے۔ اس ڈرائیور نے کہا کہ ٹرین کے قریب کوئی بھی گاڑی ہونے پر اچانک بریک نہیں لگ سکتا اور ٹرین کی رفتار کو فوری طور پر کنٹرول کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے اس واقعہ کے لئے بس کے ڈرائیور کی لاپرواہی کو ذمہ دار قرار دیا ۔ اسی دوران ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حادثہ کے مقام پر ایک ریلوے گیٹ نصب کردیا گیا ہے ۔

یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب تلنگانہ کے ضلع میدک میں دو دن پہلے بس کی ٹرین کے ساتھ ٹکر کے واقعہ کے بعد تلنگانہ بھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ پر اسکول بسوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم جاری ہے ۔ اس مہم کے دوران اسکول بسوں کے فٹنس کے سرٹیفکیٹس کے بغیر چلائی جانے والی بسوں کو ضبط کرلیا ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے مطابق ریاست بھر میں 24اسکول بسوں کے انتظامیہ کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسروں نے محبوب نگر میں11، میدک میں7، کریم نگر میں24کومپلی میں8اور کوکٹ پلی میں2بسوں کو ضبط کرلیا جو ضابطوں کے خلاف چلائی جارہی تھیں ۔ ان بسوں میں فائر سیفٹی آلات اور فرسٹ ایڈ باکس بھی نہیں تھے ۔ ضلع رنگا ریڈی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسروں نے 12اسکول بسوں کے خلاف معاملہ درج کیا ۔ اسکول بسوں کے مالکین کو نوٹسیں بھی جاری کی گئی ہیں ۔ میدک میں پیش آئے حادثہ کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ چوکس ہوگیا ہے اور یہ مہم چلائی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ کل یہ مہم شروع ہوئی تھی جس میں بڑے پیمانے پر اسکول بسوں کو ضبط کیا گیا تھا۔

Bus-train collision: 7 children still in critical condition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں