غزہ میں بمباری پر ہندوستان کا اظہار تشویش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-11

غزہ میں بمباری پر ہندوستان کا اظہار تشویش

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان نے آج اسرائیل فلسطین کے درمیان تشدد میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں فریقوں سے کہا ہے کہ وہ جلد سے جلد راست بات چیت شروع کریں اور ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جن سے خطہ کی سیکوریٹی خطرہ میں پڑ جائے ۔و زارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ہندوستان کو اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تشدد میں اضافہ بالخصوص غزہ میں شدید ہوائی حملوں پر تشویش ہے ۔ جس کے نتیجہ میں سیولینس کی جانیں جارہی ہیں اور املاک کا زبردست نقصان ہورہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندوستان کو اسرائیل کے بعض حصوں میں بعض ٹارگٹس کے خلاف راکٹ حملوں کے ذریعہ اشتعال انگیزی پر بھی تشویش ہے۔ ہندوستان نے دونوں فریقوں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جن سے صورتحال مزید خراب ہوتی اور خطہ کا امن اور سلامتی کو خطرہ پیدا ہوتا ہو ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہندوستان کا ٹھوس ایقان ہے کہ بات چیت ہی ایک ٹھوس راستہ ہے جس کے زریعہ خطہ اور اس کے عوام کو در پیش مسائل سے موثر طور پر نمٹاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امن مساعی کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق جلد سے جلد راست بات چیت شروع کریں تاکہ مسئلہ فلسطین کا ایک جامع حل تلاش کیاجاسکے ۔

India expressed concern over the bombings in Gaza

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں