بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ یوجنا کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-11

بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ یوجنا کا آغاز

نئی دہلی
یو این آئی
حکومت نے ایک سو کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈ کے ساتھ بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ نامی ایک نئی اسکیم متعارف کرائی ہے ، جو عورتوں کے لئے مخصوص فلاحی خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے اور بیداری پیدا کرنے میں مدد کرے گی ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج اپنی بجٹ تقریر میں اعلان کیا کہ حکومت لڑکیوں اور عورتوں کے مسائل کے تئیں ملک کے عوام کو حساس بنانے کی مہم پر توجہ مرکوز کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو حساس بنانے کاعمل چھوٹی عمر میں ہی شروع ہونا چاہئے اور اس کے لئے اسکولوں کے نصساب مییں جنسی تفریق کو ختم کرنے کے بارے میں ایک علیحدہ باب ہونا ضروری ہے ۔ عورتوں کے تحفظ کے معاملے پر ارکان کی تشویش میں شریک ہوتے ہوئے وزیر فینانس نے ایوان کو مطلع کیا کہ سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت ، سرکاری روڈ ٹرانسپورٹ پرعورتوں کے تحفظ کے لئے ایک تجرباتی اسکیم پر پچاس کروڑ روپے خرچ کرے گی ۔ اسی طرح امور داخلہ کی وزارت بھی بڑے شہروں میں عورتوں کے تحفظ میں اضافہ کرنے کے لئے ایک اسکیم پر150کروڑ روپے خرچ کرے گی ۔ وزیر فینانس نے اس سال قومی راجدھانی خطے دلی کے تمام اضلاع میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں بحران کے بندوبست کے مراکز قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس کے لئے نربھے فنڈ سے فنڈ فراہم کئے جائیں گے ۔

Save the girl child, educate the girl child scheme 100 crore Rs fund

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں