غزہ میں آگ و خون میں ڈوبی عید الفطر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-29

غزہ میں آگ و خون میں ڈوبی عید الفطر

غزہ؍ یروشلم
پی ٹی آئی
غزہ میں آج خوف و دہشت اور آگ اور لہو میں ڈوبی ہوئی عید منائی گئی ۔ عیدالفطر کے دوران21دن سے جاری تصادم کو ختم کرنے ک لئے انسانی بنیادوں پر فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لئے امریکہ اور اقوام متحدہ کے مطالبات کے درمیان اسرائیل اور حماس نے کچھ وقفہ کے بعد دوبارہ لڑائی شروع کردی ۔ اسرائیلی ٹینکوں کی شلباری میں آج شمالی غزہ پٹی میں چار سال کا ایک بچہ جاں بحق ہوگیا یہ لڑائی میں غیر رسمی وقفہ کے بعد پہلی ہلاکت ہے ۔ ایک راکٹ حملہ کے بعد غزہ میں کئی مقامات پر فضائی حملے کئے گئے ۔ تاہم اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کل رات سے غزہ پر کوئی فضائی حملہ نہیں کیا گیا ہے لیکن ایک راکٹ کل رات اور ایک آج صبح غزہ سے فائر کیا گیا جس کا فوج نے جواب دیا ۔ بعض اطلاعات میں کہا گیا کہ اسرائیل نے عیدالفطر کا کوئی لحاظ کئے بغیر کئی مقامات پر حملے کئے ۔ بالخصوص سرحدی مقامات پر اس وقت حملے کئے گئے جب فلسطینی عیدالفطر منارہے تھے ۔ فلسطینیوں نے بالخصوص غزہ میں ہر طرف لہو اور ملبہ کے ڈھیر کے درمیان عید منائی۔ جہاں ایک طرف مسلم ملکوں بشمول سعودی عرب ، کویت، قطر ، یو اے ای وغیرہ میں روایتی انداز میں عیدالفطر منائی گئی وہیں غزہ میں ماتم کا ماحول تھا جو گزشتہ21دن کی اسرائیلی بربریت اور بمباری میں کھنڈروں میں تبدیل ہوچکا ہے ۔جہاں بیشتر خلیجی ممالک میں چاند رات سے ہی زبردست چہل پہل اور گہما گہمی تھی وہیں غزہ کے بچے کچھے بازاروں میں رونقیں تو کجا ہُو کا عالم تھا۔ غزہ کی ان سڑکوں اور علاقوں میں ہرطرف خون کی بو آرہی تھی اور ملبہ کے ڈھیر پڑے ہوئے تھے جہاں پہلے عید کے موقعوں پر خوشیوں کا بسیرا ہوتا تھا ۔
غزہ کی بیشتر مساجد میں عید کی نماز ادا نہیں کی گئی جو مسلسل بمباری میں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں ۔ کھلے میدانوں میں بھی نماز عیدا دا نہیں کی گئی ۔ مساجد می بہت کم بچوں کو دیکھا گیا کیوں کہ بیشتر سرپرستوں نے بچوں کو گھروں پر ہی رکھنے پر ترجیح دی ۔ اس طرح فسلطینیوں نے اس سال خوف و دہشت اور سوگ کے ماحول میں عید منائی ۔ جہاں دوسرے ممالک میں مسلمانوں نے عید کے موقع پر تحفے تحائف کا تبادلہ کیا، رنگ برنگے نئے کپڑے پہنے ، اور بہترکھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی وہیں غزہ کے عوام کے لئے یہ نعمتیں تو دور کھانا ، پانی دوائیں اور دوسرے بنیادی اشیاء کے لالے پڑے تھے ۔ 21دن سے جاری اسرائیلی بربریت میں جاں بحق فسلطینیوں کی تعداد1040ہوگئی ہے جب کہ چھ ہزار سے زائد زخمی ہوئے اور ہزاروں بے گھر ہوئے۔ لڑائی میں اسرائیل کے43سپاہیوں اور تین سیولینس کی موت ہوئی۔

Eid-ul-Fitr in Gaza

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں