مسجد الحرام میں گداگروں کو خیرات نہ دینے کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-08

مسجد الحرام میں گداگروں کو خیرات نہ دینے کی ہدایت

مکہ مکرمہ
سعودی گزٹ
سعودی سیکوریٹی ماہرین اور علماء نے مسلمانوں کو مسجد الحرام میں یا اس کے روبرو شاپنگ سنٹرس اور پلازا میں گداگروں کو رقومات عطا کرنے کے خلاف انتباہ دیا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی ایک کو پیسہ ملتے دیکھ کر اور10ارد گرد جمع ہوجاتے ہیں۔ اس ہجوم میں ایسے جرائم پیشہ افراد بھی شامل ہوتے ہیں جو مملکت میں خاص طور پر ایسے وقتوں میں ارتکاب جرم کے لئے آتے ہیں۔ سیکوریٹی ماہرین اور علماء نے فیاضوں اور فراخدلوں کو مشورہ دیا وزارت داخلہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عطیات فلاحی تنظیموں کے حوالہ کرنے چاہیں۔ مسجد الحرام سیکوریٹی فورسیز کمانڈر میجر جنرل یحیٰ الظہرانی نے بتایا کہ ان کا محکمہ مسجد الحرام میں یا اس کے باہر پلازا میں گداگروں کو نقد رقم دینے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ الظہرانی نے کہا کہ اس طرح نیک نیتی سے دی ہوئی آپ کی رقم غلط ہاتھوں اور مشتبہ جرائم پیشہ گروہوں تک پہنچ سکتی ہے ۔ ام القرا یونیورسٹی میں شریعت کے پروفیسر عبداللہ السلمی نے انتباہ دیا کہ نیک نیتی سے دی گئی رقم مملکت کی سلامتی اور تحفظ کے لئے خطرہ بن سکتی ہیں۔ عطیہ دینے والا دعاؤں اور اللہ کی جانب سے جزا کی امید میں نادانستہ طور پر دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی مدد کرتا ہے ۔ ماہ رمضان کے دوران مکہ آنے والوں میں صرف معتمرین ہی نہیں بلکہ دہشت گرد جرائم پیشہ افراد بھی بھیس بدل کر ان میں شامل ہوجاتے ہیں ۔ ان ہی افراد میں وہ بد نیت بھی شامل ہیں جو مملکت کو عدم استحکام تحفظ سے دوچار کرنے آتے ہیں ۔
انہوں نے مسجد الحرام حکام سے عطیہ دہندگان کی سہولتوں کے لئے ایک خصوصی مکانزم تیار کرنے کی درخواست کی تاکہ نقد رقومات غلط ہاتھوں تک پہنچنے سے محفوظ رہیں ۔ بعض عازمین نے بتایا کہ غریب اور نادار کی شناخت مشکل ہوتی ہے ۔ لہذا ہم رقم ان غریب اور مستحقین کو دے دیتے ہیں جو معذور معتمرین و عازمین کی گاڑیاں دھکیلتے ہیں یا مسجد کے دروازوں پر بیٹھتے ہیں ۔ امور حرمین شریفین کے صدارتی دفتر میں اسسٹنٹ انڈر سکریٹری مشہور المنعمی نے بھی بتایا کہ ان کا محکمہ مکہ میں گدا گروں کو عازمین و معتمرین کی جانب سے نقد رقومات کے عطیات کے علاوہ مسجد نبوی میں بھی ایسی سخاوت کی حوصلہ شکنی کرتا ہے ۔ انہوں نے عازمین سے یہ درخواست بھی کی کہ جب کبھی وہ کسی کو خیرات دیتے دیکھیں تو فوراً محکمہ کواس سے مطلع کریں۔

Do not give money to beggars in Grand Mosque: Officials

1 تبصرہ: