بی جے پی پر مسلمانوں کے اعتماد میں اضافہ کا دعویٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-21

بی جے پی پر مسلمانوں کے اعتماد میں اضافہ کا دعویٰ

حیدرآباد
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر نجمہ ہپت اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ’’سب کے لئے ترقی‘‘ ایجنڈہ کی وجہ سے بی جے پی پر مسلمانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست اب قصۂ پارینہ ہوگئی ہے ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے یہاں خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کو کل شام ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں مسلمانوں نے بی جے پی کو ووٹ دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی پر مسلمانوں کے اعتماد میں اضافہ کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی لیڈر نے قومی انتخابات میں ترقی پر توجہ مرکوز کی اور پورے ملک میں اکثریتی اور اقلیتی طبقات کے لئے ترقی کے بارے میں بات کی جن میں مسلمان بھی شامل ہیں ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ انہوں(وزیر اعظم نریندر مودی) نے ہر ایک کے بارے میں اظہار کیا ۔ اس لئے مسلمانوں نے انہیں ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے صد فیصد مسلمانوں نے ووٹ نہیں دیا لیکن بی جے پی حق کے میں مسلمانوں کے ووٹوں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے اور پارٹی پر ان کا اعتماد بھی بڑھا ہے ۔ راجیہ سبھا کی سابق نائب صدر نشین نجمہ ہپت اللہ نے کہا کہ بلا لحاظ ذات، مذہب ، علاقہ اور زبان عوام نے مودی کے لئے ووٹ دیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ووٹ بینک کی سیاست کا نظریہ کوئی کام نہیں کرے گا۔ کانگریس کا نام لیے بغیر انہوں نے اس پارٹی پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ پیشرو حکومتوں نے اقلیتوں کی بہبود کے مسئلہ پر صرف زبانی جمع خرچ کیا اور اقلیتوں پر کوئی توجہ نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی اور بہبود سے متعلق سچر کمیٹی اور دوسری رپورٹس کانگریس کو بے نقاب کرتی ہیں کہ اس جماعت نے اقلیتوں کے لئے کوئی زیادہ کام نہیں کیے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا وہ سمجھتی ہیں کہ باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے نریندر مودی کوپاکستان کا دورہ کرنا چاہئے، نجمہ ہپت اللہ نے کہا کہ یہ فیصلہ وزیر اعظم کو کرنا ہے لیکن انہوں نے نشاندہی کی کہ وزیر اعظم ، پاکستان کے اپنے ہم منصب نواز شریف کو اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے مدعو کرتے ہوئے ایک قدم آگے بڑھاچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ اب پاکستان کا کام ہے کہ وہ ہندوستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائے اور دہشت گردوں کی مدد روک دے کیونکہ یہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کے لئے اچھا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو برداشت نہیں کریں گے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنی تقریب حلف برداری میں سارک قائدین کو مدعو کرتے ہوئے وسیع قلبی کا مظاہرہ کیا ہے جن میں پاکستان ، افغانستان ، بنگلہ دیش اور مالدیپ شامل ہیں۔ ان چار ممالک کی نمائندگی مسلم قائدین نے کی ۔

BJP claims Muslims confidence in it

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں