دہلی اسمبلی کی فوری تحلیل کا مطالبہ - عام آدمی پارٹی ارکان اسمبلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-22

دہلی اسمبلی کی فوری تحلیل کا مطالبہ - عام آدمی پارٹی ارکان اسمبلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ارویند کجریوال کی زیر قیادت عام آدمی پارٹی کے27ارکان اسمبلی نے آج دہلی کے لفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ دہلی اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر کے سبب سودے بازی کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی اور دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم نے لیفٹننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں موجودہ صورتحال سے واقف کرایا ۔ ہم نے انہیں امکانی سودے بازی کے بارے میں بھی بتایا ۔ ایسی حکومت سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ بھارتی نے کہا کہ لیفٹننٹ گورنر نے انہیں بتایا کہ وہ کانگریس اور بی جے پی دونوں سے بات چیت کریں گے اور جلد ہی اس معاملہ پر ایک رپورٹ صدر جمہوریہ کو روانہ کریں گے ۔ میٹنگ کے فوری بعد کجریوال نے ٹوئٹر پر کہا میں نے لیفٹننٹ گورنر سے ملاقات کی اور اچھی بات چیت ہوئی۔اب وہ بی جے پی کو بات چیت کی دعوت دیں گے ۔ اگر بی جے پی یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ حکومت تشکیل دے سکتی ہے تو لیفٹننٹ گورنر اسے اعداد و شمار پیش کرنے کے لئے کہیں گے ۔ ہم نے انہیں بتایا کہ اسمبلی کو تحلیل کرنے میں تاخیر کی وجہ سے سودے بازی کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے کل دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی قومی دارالحکومت میں تازہ انتخابات سے گریز کررہی ہے ۔ اس نے کانگریس کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا تھا اور جاننا چاہا تھا کہ وہ دہلی اسمبلی کی تحلیل چاہتی ہے یا نہیں۔ عام آدمی پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ دوہرے معنوں والے بیانات اور دہلی کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بی جے پی کااپنے موقف سے مسلسل انحراف یہ واضح کرتا ہے کہ وہ تازہ انتخابات سے گریزکررہی ہے اور آیا رام گیارام کلچر چاہتی ہے ۔جس کے کلاف سپریم کورٹ نے جاریہ سال17اپریل کو وارننگ دی تھی۔
دوسری طرف کانگریس کی اس بات پر خاموشی کہ آیا وہ باضابطہ اور تحریری طور پر لیفٹننٹ گورنر اور سپریم کورٹ کو یہ بتانا چاہتی ہے کہ دہلی اسمبلی کو تحلیل کیاجائے یا نہیں ، سے بالواسطہ طور پر بی جے پی کی آیا رام ، گیا رام طرز کی سیاست کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ اس کی درخواست کی سماعت کے دوران جس میں دہلی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے بجائے حالت تعطل میں رکھنے مرکزی حکومت کے فیصلہ کو چیالنج کیا گیا ہے ، پر سپریم کورٹ نے17اپریل کو کہا تھا کہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایاجانا چاہئے جس سے آیا رام ، گیا رام یا سیاست میں سودے بازی کی حوصلہ افزائی ہوتی ہو۔ سینئر عام آدمی پارٹی قائد منیش سسوڈیا نے کہا کہ ہم نے گورنر کو بتایا کہ 14فروری وک استعفیٰ دینے کے بعد اسمبلی کو حالت تعطل میں رکھا گیا ہے حالانکہ ہم نے اس وقت بھی اسمبلی کی تحلیل کی سفارش کی تھی ۔

AAP Demands Immediate Dissolution of Delhi Assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں