شام میں داعش کی پیش قدمی ۔ 85 سپاہی ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-27

شام میں داعش کی پیش قدمی ۔ 85 سپاہی ہلاک

بیروت
رائٹر
سیریئن آبزرویٹری فارہیومین رائٹس نے کہا ہیکہ شام میں اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں نے85فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ اقوام متحدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شامی تنازعہ میں یہ شدت پسندگروہ بھی جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ۔ سیرین آبزرویٹری فارہیومن رائٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعہ25جولائی کو اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں نے الرقہ نامی شہر کی طرف پیشقدمی کرتے ہوئے شامی فورسز کو بڑا نقصان پہنچایا ہے ۔ اس مانیٹرنگ گروپ کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران اسلامک اسٹیٹ نے کم از کم85فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ جبکہ اس کارروائی کے دوران دیگر تقریباً200فوجیوں کے ہلاک ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔ برطانیہ میں قائم اس مانیٹرنگ گروپ کے ترجمان رامی عبدالرحمان نے ہفتہ کے دن بتایا کہ جہادیوں کی پیش قدمی کے نتیجے میں شامی فوج، ڈیویژن 17کے فوجی اڈے سے پسپا ہوگئی لیکن فضائی حملوں کے خوف سے جنگجوؤں نے مزید پیشقدمی نہیں کی ہے ۔ رامی کے مطابق اس کارروائی میں اسلامک اسٹیٹ کے28جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔ اس کا رروائی میں پسپا ہونے کے بعد سینکڑوں فوجی محفوظ مقامات کی طرف فرار ہوگئے ہیں ۔ یا تو وہ ان دیہات کا رخ کر گئے ہیں ، جہاں لوگ ان جنگجوؤں کے مخالف ہیں یا پھر وہ بریگیڈ 93جاملے ہیں ۔ لیکن ان فوجیوں کی قسمت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے ۔ اسلامک اسٹیٹ کی طرف سے یہ تازہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اقوام متحدہ نے اس شدت پسند گروہ پر الزام عائد کیا ہے کہ یہ شام میں ظلم و جبر کرنے کا باعث بن رہا ہے ۔
شام میں اقوام متحدہ کے تحقیقات کمیشن کے سربراہ پاؤلو پہنہوریو نے جمعہ کے دن کہا کہ اس جہادی گروہ کو ممکنہ طور پر شام میں جنگی جرائم کے مرتکب ہونے والے گروہوں کی فہرست میں شامل کیاجاسکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف شواہد اکٹھے کرنا انتہائی آسان ہوگا ۔ شام کی تازہ صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے پاؤلو پنہوریو کا مزید کہنا تھا کہ وہ شام میں زیادتی کرنے والے تمام فریقین کے بارے میں معلومات اکٹھی کررہے ہیں، میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا عالمی مقابلہ کون جیتے گا تاہم اطراف کی طرف سے گھناؤنی حرکات کا سلسلہ جاری ہے اور اگر اس حوالے سے احتساب نہ کیا گیا تو وہ اپنے یہ اعمال جاری رکھیں گے ۔ شام میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کے تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ کا یہ کمیشن ستمبر2011ء میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ کمیشن عینی شاہدین کی گواہیاں ، سٹیلائیٹ تصاویر اور دیگر دستاویزات کی مدد سے اپنی رپورٹ ترتیب دیتا ہے ۔ یہ امر اہم ہے کہ اس کمیشن کے کسی بھی رکن نے شام کا دورہ نہیں کیا ہے ۔

85 Syria troops killed in jihadist advance

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں