آثار قدیمہ کے میوزیم سے 41 نوادرات چوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-21

آثار قدیمہ کے میوزیم سے 41 نوادرات چوری

نئی دہلی
یو این آئی
ملک میں قدیم نوادرات کے تحفظ کے لئے بنائے گئے میوزیموں سے چوری ہوئی41اشیاء میں سے31کا اب تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے ۔ اکیلے دہلی کے لال قلعہ سے چوری ہوئی نو میں سے پانچ اشیاء کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ محکمہ آثار قدیمہ کے پاس تاریخی اہمیت کی اشیاء کو محفوظ رکھنے کے لئے ملک بھر میں کل44میوزیم ہیں۔ ان میں سے دس میوزیموں سے 41نوادرات کی چوری کی رپورٹ پولیس میں درج کی گئی جس میں سے محض دس اشیاء کو برآمد کیاجاسکا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق میوزیموں سے غائب ہوئے سامان میں ہاتھی دانت کے دستہ والی مغل زمانہ کی قیمتی کٹار، تانبے کا ماڈل، تامبے کی گھنٹیاں ، عالم پنجے، ٹیراکوٹا کی سیلنگ ، ٹیراکوٹا کھلونا گاڑیاں ، چاندی کے سکے اور کانسے کی تصاویر شامل ہیں۔
تاریخی میوزیموں میں چوری کا پہلا واقعہ1961میں بہار کے نالندہ کے آثار قدیمہ کے میوزیم میں ہوئی جہاں سے13کانسے کی تصویریں غائب ہوئی تھیں اور دوسرا واقعہ بھی اس سے اگلے سال اسی جگہ ہوا ۔ اس مرتبہ کانسے کی دو تصاویر غائب ہوگئیں ۔
سال1981میں چوری کے دو واقعات پیش آئے ۔ جن میں سے ایک بہار کے بودھ گیا میں دوسرا دہلی کے لال قلعہ میوزیم میں ہوا۔ چوری کا سب سے زیادہ واقعہ جنوری2010میں لکھنو کے ریزیڈنسی میوزیم میں اور دسمبر2012میں دہلی کے لال قلعہ میں پیش آیا ۔ سب سے زیادہ20اشیاء بہار کے موزیموں سے چوری ہوئی ہیں۔ بہار کے میوزیموں میں تین مرتبہ چوری ہوئی ہے جب کہ دہلی کے میوزیموں سے5مرتبہ چوریاں ہوئیں اور دس اشیاء غائب ہوئیں۔ گوا ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، تمل ناڈو ، مغربی بنگال اور اتر پردیش کے میوزیموں سے ایک ایک بار چوری کی رپورٹ درج ہوئی ہے۔ دہلی کے لال قلعہ میں واقع میوزیم اور انڈین وار میموریل میوزیم میں5مرتبہ چوری ہوئی ہے ۔ جس میں دو مرتبہ چور ناکام رہے اور ان سے چوری کی گئی اشیاء برآمد کرلی گئیں ہیں۔ پہلی مرتبہ1981میں چار اشیاء غائب ہوئیں جنہیں پولیس نے برآمد کرلیا۔اسی طرح سے1989میں چار نوادرات گم ہوئیں اور دسمبر2012میں دو چیزیں غائب ہوئیں جن کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔1992اور1997میں بھی چوری کی کوشش کی گئی لیکن دونوں مرتبہ چوروں کا منصوبہ ناکام رہا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں