تلنگانہ حکومت مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دینے کے لئے سنجیدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-23

تلنگانہ حکومت مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دینے کے لئے سنجیدہ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر تلنگانہ ریاست کے چندر شیکھر راؤ نے کہاکہ تلنگانہ حکومت مسلمانوں کو12فیصد تحفظات دینے کے لئے سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ جلد وہ مسلمانوں کو12فیصد تحفظات دینے کے لئے ایک جج کا تقرر کریں گے ۔ جو اندرون 2تا3ماہ حکومت کو رپورٹ حوالے کرے گا ۔ کے چندر شیکھر راؤ آج ہائی ٹیکس مادھا پور میں منعقد کردہ دعوت افطار کے شرکاء کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ جب ارادے پکے ہوتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ضرورکامیاب بناتا ہے ۔ اس طرح وہ مسلمانوں کو12فیصد تحفظات فراہم کر کے حالیہ انتخابات میں مسلمانوں سے کئے گئے وعدے پر عمل آوری کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو حکومت جو70فیصد تحفظات فراہم کررہی ہے کی طرح تلنگانہ میں بھی مسلمانوں کو12فیصد تحفظات فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے پیش نظر تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو25جولائی کو تنخواہ جاری کرے گی تاکہ اس کے ذریعہ مسلم سرکاری ملازمین کو عید کی خریداری کرنے میں سہولت ہوسکے ۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی حکومت تلنگانہ کے وائس چانسلر کے عہدوں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ مسلمانوں کے تقررات کرے گی ۔ تلنگانہ پبلک سروس کمیشن دیگر اداروں میں مسلمانوں کو نمائندگی دے گی ۔ انہوں نیکہا کہ آج انہوں نے سعودی ایئر لائنس کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا تھا ۔ انہیں حیدرآباد تا جدہ راست طیارے چلانے کی درخواست کی ہے ۔ انہوں نے اس درخواست کو قبول کرلیا ہے ۔ 16اگست سے دن میں 2مرتبہ حیدرآباد تا جدہ طیارے چلائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اس سال بجٹ میں1000کروڑ روپے مختص کرے گی۔ اس مسئلہ پر مسلم دانشور، مذہبی قائدین و دیگر کے ساتھ اجلاس طلب کریں گے کہ یہ رقم کون سی اسکیمات پر خرچ کرنا چاہئے ۔ ان سے مشورے اور تجاویز حاصل کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت جلد تلنگانہ حج کمیٹی تشکیل دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے اس سال ہم علیحدہ تلنگانہ ریاست میں رمضان کی عید منائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کا مقصد علاقہ تلنگانہ میں سیکولر ازم کو فروغ دینا ہے ۔ اللہ کے فضل وکرم سے ضرور وہ تلنگانہ کو خوشحال ریاست بنائیں گے ۔ ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی، بی مہیندر ریڈی ، ٹی پدما راؤ، قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد حسن نور یان ، صدر تعمیر ملت عبدالرحیم قریشی، مولانا قبول پاشا شطاری، مجلس کے رکن اسمبلی ممتاز احمد خان، مولانا محمود پاشاہ قادری، مولانا اولیای حسینی مرتضی پاشاہ ، مولانا تقی رضا عابدی ، مولانا فصیح الدین نظامی ، مولانا سید حامد محمد قادری ، کمشنر پولیس حیدرآباد مہیندر ریڈی، کمشنر پولیس سائبرآباد سی وی آنند، ٹی آر ایس کے قائدین کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں