حیدرآباد کی ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ نہایت سنجیدہ - نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-05

حیدرآباد کی ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ نہایت سنجیدہ - نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی

نائب وزیر اعلیٰ ریاست تلنگانہ محمد محمود علی نے کہا کہ ہاوزنگ ملازمین کو باقاعدہ بنانے اور بلدیہ کے دیگر مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جائے گا۔ بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صدر دفتر پر منعقدہ پروگرام تلنگانہ سمبرالو میں شرکت کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مسٹر محمود علی نے کہا کہ وہ وزیر مال کی حیثیت سے بلدی ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے تفصیلی مواد حاصل کرکے ان کو عنقریب راحت پہنچائیں گے ۔ دوران خطاب انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ حیدرآباد کی ترقی کے لئے نہایت سنجیدہ ہیں ۔ اور اس کی ترقی میں مالیہ رکاوٹ نہیں ہوگا ۔ کمشنر بلدیہ سومیش کمار نے ڈیٹی وزیر اعلیٰ کو جے این این یو آر ایم مکانات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ اوربتایا کہ یہ مکانات بالکل تیار ہوچکے ہین کسی بھی وقف استفادہ کنندگان کو قبضہ دیاجاسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں کمشنر بلدیہ کو ہدایت دی کہ سرکاری اسکیمات کے دئیے جانے والے مکانات کافی چھوٹے اور صرف ایک کمرہ پر مشتمل ہیں ۔ دو مکانات کے درمیان جو دیوار ہے اس کو منہدم کر کے دونوں مکانات کو ایک کردیا جائے تاکہ ایک خاندان اس مکان میں آرام سے زندگی بسر کرسکے ۔ اگر دو مکانوں کو ایک کردیا گیا تو ایک مکان میں دو بیڈ روم آجائیں گے ۔ اس اقدام سے استفادہ کنندگان کو کافی سہولت ہوگی۔ مسٹر محمود علی نے تمام بلدی عہدیداروں سے ایک گھنٹہ سے زائد خدمات انجام دینے کی درخواست کی تاکہ زیادہ سے زیادہ ریاست کی ترقی ہوسکے اور ہر ملازم اپنی اس ذمہ داری کو سمجھنا چاہئے ۔ ان کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ حیدرآباد کو گرین اینڈ کلین سٹی بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے خوا ب کو پورا کریں اور شہر کو عالمی سطح پر ترقی دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت یہ کوشش کہ شہر کو سلم بستیوں سے پاک کیا جائے گا۔ اس کے لئے ہر ملازم کو ایک خاندان کی طرح مل جل کرکا م کرنا ہوگا اور حکومت شہر کی ترقی کے لئے ممکنہ تعاون کرے گی۔ میئر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محمد ماجد حسین نے مسٹر محمود علی کا دفتر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں خیر مقدم کرتے ہوئے بلدی پروگرام تلنگانہ سمبرالو میں شرکت کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ مسٹر ماجد حسین نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ٹی آر ایس کی قیادت میں بلدیہ کوزیادہ سے زیادہ فنڈز حاصل ہوں گے ۔ بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو تلنگانہ میں عالمی سطح کی کانفرنس منعقد کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ جو ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو خوبصورت ترین بنانے کے لئے بلدیہ کے اقدامات جاری ہیں کیونکہ یہاں مختلف ممالک کے وفد آتے ہیں اور مختلف پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں ۔بلدیہ کے اقدام سے شہر کو عالمی سطح کا درجہ حاصل ہوگا ۔ اس موقع پر بلدیہ کے اعلیٰ عہدیداروں ،کارپوریٹرس اور دیگر موجود تھے ۔

telangana CM serious for hyderabad development

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں