دہلی میں اندرون دو ہفتے برقی لائنوں کی بحالی - لفٹننٹ گورنر نجیب جنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-11

دہلی میں اندرون دو ہفتے برقی لائنوں کی بحالی - لفٹننٹ گورنر نجیب جنگ

مرکزیر وزیر برقی پیوش گوئل نے آج اس بات کا تیقن دیا کہ قومی دارالحکومت میں برقی سربراہی دو ہفتوں میں معمول پر آجائے گی ۔ واضح رہے کہ اس شدت کی گرمی میں قومی دارالحکومت میں برقی کا بحران جاری ہے ۔ گوئل نے دہلی کے لفٹننٹ گورنر نجیب جنگ اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد یہ بیان دیا۔ اس اجلاس میں برقی بحران سے نمٹنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ ہم نے جو تباہ کاری دیکھی ہے ، ایسی تباہی کے بعد برقی لائن کی بحالی کے لئے عام طور پر تین ماہ درکار ہوتے ہیں، ہم24گھنٹے کام کرتے ہوئے دو ہفتوں میں برقی لائنیں بحال کردیں گے یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ گزشتہ ماہ شدید آندھی کے نتیجہ میں شہر میں برقی سربراہی متاثر ہوئی تھی اور شمالی گرڈ کی کئی لائنیں ٹرپ ہوگئی تھیں۔ گوئل نے کہا کہ طوفان اور موسم گرما کے بڑھتے درجہ حرارت کا برقی تقسیم پر اثر پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی لائنوں کی بحالی کے لئے ہنگامی خطوط پر کام جاری ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں برقی کٹوتی کی وجہ سے آبرسانی بھی متاثر ہوئی ہے ۔ اور دہلی کے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ گوئل نے کہا کہ سابق حکومت کی جانب سے فیصلہ سازی کے فقدان کے سبب دہلی میں برقی بحران میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی مفلوج ہونے اور سابق حکومت کی جانب سے اقدامات نہ کئے جانے کی وجہ سے قومی دارالحکومت میں برقی بحران دیکھاجارہا ہے ۔ گزشتہ15سال سے ایک ایسی حکومت قائم تھی جو دہلی کے عوام کے بڑھتے مطالبات کے تئیں بے حس تھی۔ گوئل نے یہ بھی کہا کہ مغربی دہلی کے بوانہ علاقہ میں گیس سے چلنے والے برقی پلانٹ میں1500میگا واٹ برقی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے ، لیکن یہاں صرف290میگا واٹ برقی پیدا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہلی میں برقی بحالی کے لئے گرڈ میں400میگا واٹ اضافی گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور این ٹی پی سی یہ گیس فراہم کرے گی ۔ برقی کمپنیوں نے لائنوں کی بحالی کے لئے اقدامات شروع کردئیے ہیں اور اس کے لئے زیادہ سے زیادہ دو ہفتے درکار ہوں گے ۔، گوئل نے کہا کہ وہ مسائل کا طویل المدتی حل تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ آئندہ موسم گرما میں ایسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس کو بھی تیقن دیا کہ ضرورت پڑنے پر مناسب مقدار میں برقی فراہم کی جائے گی کیونکہ مرکز کے پاس فاضل برقی موجود ہے ۔

آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب عام آدمی پارٹی لیڈر منیش سسوڈیا اور دیگر پارٹی قائدین نے یہاں برقی بحرا ن کے خلاف آج مرکزی وزیر صحت اور دہلی بی جے پی کے صدر ہرش وردھن کی قیام گاہ کے روبرو احتجاج منظم کیا۔ ایک ایسے وقت جب کہ قومی دارالحکومت میں شدید گرمی پڑ رہی ہے ۔ سیاسی جماعتیں اس بحران کے لئے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرارہی ہیں ۔ عام آدمی پارٹی قائدین منشی سسوڈیا ، سومناتھ بھارتی ، اور دیگر پارٹی ارکان ہرش وردھن سے ملاقات کے لئے ان کے قیامگاہ پہنچے تاہم اس وقت تک مرکزی وزیر روانہ ہوچکے تھے۔ منیش سسوڈیا نے پارٹی کارکنوں کو بتایا کہ ہرش وردھن قیامگاہ پر موجود نہیں ہیں اس کے باوجود وہ احتجاج کررہے ہیں کیونکہ وہ انہیں یہ بتانا چاہتے ہیں کہ دہلی کے عوام کے تئیں ان کی کچھ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جب عام آدمی پارٹی اقتدار میں تھی تو دہلی کے عوام کو24گھنٹے برقی رعایتی شرحوں پر فراہم کی جارہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی ٹرانسمیشن پر برقی سربراہ کرسکتے تھے تو پھر بی جے پی ایسا کیوں نہیں کرسکتی۔ ہم انہیں یہ یاد دلانے آئے ہیں کہ مرکز میں ان کی حکومت ہے اور یہی حکومت دہلی کا نظام سنبھال رہی ہے۔ گزشتہ15دن سے برقی بحران جاری ہے اور دہلی میں پہلے کبھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی گئی ۔ ہم نے ان سے صورتحال کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہرش وردھن کے اسٹاف کا کہنا ہے کہ مرکزی وزیر کل ان سے ملاقات کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اسی دوران ہرش وردھن نے عام آدمی پارٹی قائدین کو یہ کہتے ہوئے نشانہ تنقید بنایا کہ جب پارٹی49دنوں تک اقتدار میں تھی تو اس نے احتجاجی مظاہرے منظم کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا۔ انہو ں نے موجودہ برقی بحران کے لئے کانگریس کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے15سال تک دہلی پر حکومت کی لیکن برقی ترسیل و تقسیم کو بہتر بنانے کچھ نہیں کیا۔

Will take 2 weeks to sort out Delhi power crisis: Goyal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں