سماج وادی حکومت کو برطرف کرنے بی ایس پی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-11

سماج وادی حکومت کو برطرف کرنے بی ایس پی کا مطالبہ

بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کے ارکان نے اترپردیش حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج راجیہ سبھا کی کاروائی چلنے نہیں دی اور اسے10منٹ کے لئے ملتوی کرنے پر مجبور کردیا ۔ صدر نشین حامد انصاری نے ایوان کو صبح11:09بجے10منٹ کے لئے ملتوی کرنے کا اس وقت اعلان کیا جب بی ایس پی کے ارکان وسط ایوان میں پہنچ گئے اور یوپی حکومت برخاست کرو، برخاست کرو کے نعرے لگانے لگے ۔ ڈاکٹر انصاری نے ارکان کو ہماچل پردیش میں24طلباء کی موت کے حادثہ پر تعزیت سے واقف کروایا اور اس معاملہ پر بعد میں گفتگو کرنے کی بات کہی لیکن بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بدایوں میں2دلت بہنوں کی اجتماعی عصمت ریزی اور پھانسی کے ذریعہ قتل کردینے کا مسئلہ اٹھانے پر بھی اصرارکیا۔ مایاوتی نے اکھلیش یادو حکومت کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جنگل راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کی اجازت تک نہیں دی گئی جب کہ متاثرہ خاندان حالت خوف میں جی رہے ہیں ۔ مایاوتی ابھی اظہار خیال کرہی رہی تھیں کہ بی ایس پی کے دیگر ارکان کرسی صدارت کی اپیلوں کی پرواہ کئے بغیرا یوان وسط میں پہنچ گئے جس پر ایوان کو10منٹ کے لئے ملتوی کردیا گیا ۔ مایاوتی نے بعد میں پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاست میں صدر راج نافذ نہیں کیا یا تو ان کی پارٹی کوئی قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائے گی ۔ عصمت ریزی اور قتل اتر پردیش میں روز مرہ کے واقعات بن گئے ہیں۔بی ایس پی سربراہ نے اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کرنے کا وزیر اعظم پر الزام عائد کیا اور کہا کہ نریندر مودی کو پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے کا دعوی ہے تب پھر انہوں نے پسماندہ طبقہ کی لڑکیوں کے ساتھ بہیمانہ جرم پر لب کشائی کیوں نہیں کی ۔حتی کہ کسی بھی مرکزی وزیر نے تک اس بارے میں ایک لفظ نہیں کہا۔ مایاوتی نے دھمکی دی کہ اگر یوپی حکومت نے آئندہ چار روز میں بدایوں کیس سی بی آئی کے حوالہ نہیں کیا تو ان کی پارٹی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔

BSP demands dismissal of Samajwadi Party government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں